باڑہ،لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اے این پی کا مظاہرہ

باڑہ،لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اے این پی کا مظاہرہ

  

باڑہ (نمائندہ)ضلع خیبرعوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام باڑہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کے بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرین میں عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان سمیت لاپتہ افراد کے ورثا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اعجاز یوسفزئی جبکہ ضلع خیبر سے صدر شاہ حسین شنواری، سینئر نائب صدر شیرین آفریدی، جنرل سیکرٹری صدیق چراغ، باڑہ صدر عمران، جمرود صدر عمر اور لنڈیکوتل صدر صدر جان سمیت دیگر شامل تھے۔ مظاہرین نے احتجاج کے موقع پر نعرہ بازی کی اور ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام زیر حراست افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق مجرمان کو سزا جبکہ بے گناہ کو رہا کیا جاسکے۔ مقررین نے عدالت عظمی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کیلئے سوموٹو ایکشن لے کر تمام افراد کی ٹرائلز کرے تاکہ اس مسئلے کا حل نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی جبری گمشدگیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور 22 فروری کو  لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے لئے ملک گیر احتجاج کرے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد کیساتھ انکے گھر والے سخت اذیت میں مبتلا ہیں اور انکی اذیت ختم کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -