جہانز یب کالج سوات کیلئے یونیورسٹی کی حیثیت رکھتی ہے: کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کے لئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا ہے کہ کتاب بینی و علم دوستی کا فروغ، مکتب و استاد کی فلاح حکومت وقت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے تمام کالجوں کو سہولیات مہیا کی جائیں۔ اسی ضمن میں کالجوں کو اپ لفٹ کر رہے ہیں اور خصوصی دوروں کے ذریعے وہ خود کالجوں کا معائنہ کر رہے ہیں، سوات میں جہانزیب کالج کے دورے کا مقصد کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لینا تھا، جہانزیب کالج سوات کے لیے چھوٹی یونیورسٹی کا کردار ادا کر رہا ہے، معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے جہانزیب کالج کے حکام کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے۔جہانزیب کالج کے دورے کے موقع پر ایم این اے سلیم الرحمان اور ایم پی اے و چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سید ممتاز علی شاہ نے کامران بنگش اور وفد کو کالج میں جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کالج حکام نے معاون خصوصی کو بریف کیا کہ جہانزیب کالج کی تاریخی بلڈنگ کو 2010 اور بعد آنے والے زلزلوں میں متاثر ہونے پر ماہرین نے ناقابل استعمال قرار دیا تھا۔ جس کے بعد کالج کی نئی بلڈنگ پر تعمیراتی کام کا آغاز ہوا جس پر تیزی سے کام کرتے ہوئے 75 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ کالج کی تعمیر کے باقی ماندہ کام کو اس سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔کالج دورہ کے بعد کامران بنگش نے ودودیہ ہال کا بھی جائزہ لیا