بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی جائے،چودھری امین

بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی جائے،چودھری امین

  

لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے  چیف ایگزیکٹوچودھری محمد امین نے لیسکو کے نادرن سرکل کا دورہ کیا جہاں  افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن پہلے سے بھی تیز تر کیا جائے اور اگرکوئی بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا جائے تو فی الفور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرواکر موقعے پر ڈیٹیکشن بل چارج کیا جائے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کے نادرن سرکل کے دورے کے موقع پر ایس ای نادرن سرکل فواد خالد نے سرکل کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی ایس ڈی بشیر احمد،  سرکل کے تمام ایکسئینز، ایس ڈی اوز، ڈی سی ایم اور آر اوز بھی موجود تھے۔۔ چیف ایگزیکٹوچودھری محمد امین کا کہنا تھا کہ تمام افسران ریکوری کے لئے طے کردہ اہداف کے حصول کو ہر ممکن حد تک یقینی بنائیں۔۔

 ان کے مطابق پرائیوٹ نادہندگان  سے ریکوری کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ کے وہ ادارے جو لیسکو کی بجلی استعمال کررہے ہیں ان سے بھی بلوں کی ادائیگی کوہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایس ای نادرن فوادخالد نے سرکل میں مختلف مقامات پر جاری سالانہ ترقیاتی اور مرمتی کاموں سے متعلق بھی بریفنگ دی۔لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ مینٹیننس کے کاموں میں کسی بھی طرح کوتاہی نہ برتی جائے  تاکہ گرمیوں کے دوران ہمارے معزز صارفین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے  جبکہ کام کے دوران سیفٹی کے اصولوں کو بھی ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔چیف ایگزیکٹو نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ لیسکو صارفین کمپنی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں اور تمام افسران پر لازم ہے کہ اپنے کام کو انتہائی ایمانداری کے ساتھ سرانجام دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ صارفین کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات کو فی الفور حل کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -