پینشنرز کوفوری جائزحقوق دیے جائیں،ایکشن کمیٹی کامطالبہ
لاہور (پ ر) نیشنل بینک آف پاکستان پینشنرز ایکشن کمیٹی اور NBP ایکس ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا مشترکہ جنرل باڈی اجلاس پیپلز ویلفیئر سنٹر 818 رضا بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں ہوا۔ اجلاس سے سرپرست اعلیٰ محمد سلیم بٹ، چیئرمین سید کرامت علی شاہ بخاری، جنرل سیکرٹری ظفر صادق، میڈیا انچارج طارق سعید بٹ، لیگل ایڈوائزر چوہدری محمد اختر ورک، صادق جمیل پاشا آف گوجرانوالہ، ایکس ایمپلائز ویلفیئر کے صدر کوکب اقبال، کے علاوہ جاوید احمد خان و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پرریاض احمد خان، اشفاق احمد میر، محمد ارشدہیرو، چوہدری محمد انور کے علاوہ پینشنرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سید کرامت علی شاہ بخاری نے کہا پینشن 70 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کرنے کے خلاف جون 2010ء میں ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی۔جس کا فیصلہ 15 جنوری 2016ء میں پینشنرز کے حق میں ہوگیا۔ اس فیصلے کے خلاف بینک انتظامیہ نے ہائی کورٹ ڈبل بینچ میں اپیل داخل کی جو 16 جنوری 2017ء کو خارج ہوگئی اور بھی تک تاخیر حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، 39 ماہ کے دوران اپنے حقوق کا انتظار کرتے کرتے چھ سو سے زائد پینشنرز فوت ہوچکے ہیں جبکہ دس سالہ قانونی جدوجہد کے دوران وفات پانے والے پینشنرز اور بیواؤں کی تعداد ہزاروں میں ہوچکی ہیں۔ انہوں نے صدر، وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور چیف جسٹس پاکستان سے متعدد اپیلیں بھی کیں کہ اللہ کے واسطے ان کو حقوق دلوائیں۔