وزیر صحت نے ایم بی بی ایس کی طالبات سے خدمت خلق کا حلف لیا

وزیر صحت نے ایم بی بی ایس کی طالبات سے خدمت خلق کا حلف لیا

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کی فرسٹ ائیرمیں داخل ہونے والی طالبات سے خدمت خلق کا حلف لیا۔صوبائی وزیر صحت نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس فرسٹ ائیرکی طالبات کی تقریب حلف برداری میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عا مرزمان خان،پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شیریں خاور، پروفیسر ڈاکٹر محمد ندیم، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر ڈاکٹرمنیزہ قیوم،پروفیسر ڈاکٹر فرخ جمال، پروفیسرڈاکٹرعالیہ زاہد، پروفیسر ڈاکٹر عدینہ شمسی، پروفیسرڈاکٹرشمسہ ہمایوں، پروفیسر زوہرہ خانم، پر و فیسر ڈا کٹرعبدالحمید،دیگرفیکلٹی ممبران اوروالدین سمیت طالبات کی کثیرتعداد نے بھی شرکت کی۔

پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرشیریں خاورنے وزیر صحت کی آمدپرشکریہ اداکیااور نئی طالبات کو فیکلٹی ممبران سے متعارف کروایا۔وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طبی دنیامیں خدمات کی تفصیلات پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے تقریب کے شرکاء  سے اپنے خطاب میں کہاکہ آج  فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات سے خدمت انسانیت کا حلف لیاجارہاہے۔ڈاکٹری کوپیغمبرانہ پیشہ کہتے ہیں۔اللہ پاک نے آپ کو خدمت انسانیت کیلئے چْن کربہت بڑااحسان کیاہے۔آپ کے ساتھ ساتھ آپ کے والدین بھی اس کامیابی کی مبارکبادکے مستحق ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ایک ڈاکٹرکی تشبیہ حضرت عیسیٰ سے دی جاتی ہے۔ایک ڈاکٹرخدمت انسانیت کے جذبہ سے سرشارہوناچاہئے۔ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانا کے جذبہ کوپروان چڑھاناچاہئے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ معاشرہ میں ڈاکٹرکی عزت کے رتبہ کو پیسوں سے نہیں تولاجاسکتا۔لوگ پیسوں والوں کونہیں بلکہ خدمت انسانیت کرنے والوں کویادکرتے ہیں۔عبدالستارایدھی نے خدمت انسانیت کے ذریعے اپنا مقام بنایا۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی طالبات کیلئے ہمیشہ قابل فخر طبی درسگاہ رہے گی۔اس ادارہ سے فارغ التحصیل طالبات پاکستان سمیت پوری دنیامیں بہترین طبی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔سرکاری طبی درسگاہوں میں طلباء  و طالبات کوسستی تعلیم عوام کے ٹیکسوں کی مددسے فراہم کی جاتی ہے۔عوام کے پیسوں سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرزکوعوام کی ہی خدمت کرنی چاہئے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکو مریضوں کے ساتھ انتہائی حسن اخلاق سے پیش آناچاہئے۔ڈاکٹرکے لئے مریض کا علاج اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ڈاکٹرکے نرم رویے سے مریض کا آدھاعلاج ہوجاتاہے۔ایک ڈاکٹرمریضوں کیلئے روشن چراغ کی مانندہوناچاہئے۔وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ ڈاکٹراپنے پیشہ کوعبادت سمجھ کراپنائیں۔اللہ پاک ہمیں ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویڑن کے مطابق صوبہ کی عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ گنگارام ہسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ چھ سوپچاس بستروں پرمشتمل مدراینڈچائلڈ بلاک زیرتعمیرہے۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -