”مجھے بہت دکھ ہے کہ میں جا رہا ہوں لیکن۔۔۔“ کرس گیل جانے پر افسردہ مگر واپسی کب ہو گی؟ مداحوں کو زبردست خوشخبری سنا دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل کا رواں سیزن میں فی الحال سفر ختم ہو گیا ہے تاہم ان کے مداحوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ وہ لاہور میں شیڈول میچز کیلئے دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کر لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کرس گیل سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی 20سیریز کیلئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کے رواں سیزن کے دوران 2 میچز میں نمائندگی کی جبکہ پیر کو لاہور قلندرز کے خلاف 40 گیندوں پر 68 کی اننگزبھی کھیلی مگر ان کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔ کرس گیل قومی فرائض کی انجام دہی کیلئے جا رہے ہیں لیکن انہوں نے اس بات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری بھی سنائی ہے کہ وہ لاہور میں شیڈول میچز کیلئے دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کر لیں گے۔
کرس گیل کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی ایس ایل ادھوری چھوڑ کر جانا میرے لئے بہت دکھ کی بات ہے کیونکہ میں مکمل لیگ کھیلنا چاہتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے پی ایس ایل کھیلنے کیلئے اپنا نام ڈرافٹس میں شامل کروایا۔ میں 15 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں اور چاہتا تھا کہ اپنے مداحوں کو جشن منانے کیلئے کچھ نہ کچھ دوں لیکن بدقسمتی سے مجھے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کیلئے جانا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوسرے راﺅنڈ کے میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کا مطلب ہے کہ ابھی لیگ میں بہت کرکٹ باقی ہے، لہٰذا میں واپسی کیلئے پرامید اور بے تاب ہوں بلکہ لازمی طور پر لاہور آنا چاہتا ہوں۔