’میں اور سرفراز ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں‘ محمد حفیظ نے محمد رضوان کی سنچری پر ٹوئٹ کیوں کی تھی؟ بالآخر راز سے پردہ اٹھا دیا اور ساتھ ہی سرفراز احمد کو بھی ’پیغام‘ دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹوئٹر پر جو کچھ بھی ہوا اس پر مجھے افسوس ہے مگر اس میں کہیں پر کوئی بھی غلط نہیں تھا، سرفراز اور میں ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میں ایک سینئر کھلاڑی ہوں اور اپنے تام جونیئر ساتھیوں کی کارکردگی دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں، میں ہمیشہ انہیں دلاسہ دیتا ہوں اور ان کی ہمت بڑھاتا ہوں اور ایسا ہی میں نے اس ٹوئٹ میں بھی کیا تھا، میرے خیال میں پاکستان کرکٹ میں گزشتہ دو سے تین سال میں جو چیزیں سب سے نمایاں ہوئی ہیں وہ شاہین شاہ آفریدی کاٹاپ لیول کا باﺅلر بن کر سامنے آنا اور محمد رضوان کا بہترین بلے باز بن کر میچز جتوانا ہے اور اگر میں شاہین کی تعریف کرتا ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ باقیوں کو غلط کہہ رہا ہوں، میرا مقصد اپنے جونیئرز کو حوصلہ دینا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز ہو یا پاکستانی ٹیم میں کوئی بھی میرا ساتھی ہو، جب وہ پاکستان کیلئے اچھا پرفارم کریں گے، میں انہیں عزت دوں گا، میرے نزدیک سرفراز اتنا ہی اہم ہے جتنا کوئی اور ساتھی کرکٹر ہے، جو پاکستان کی عزت کرے گا مجھے اسے عزت دینی ہے، یہ تمام چیزیں چل رہی ہیں، سب سے پہلے میں میڈیا کے لوگوں سے گزارش کروں گا کہ اس میں کچھ بھی نہیں ہے، ہم دونوں ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں اور اس معاملے کو منفی طور پر مت لیں، میرے یا اس کے دل میں کسی کیلئے کوئی خفگی ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستان کے کھلاڑی ہیں اور پاکستان کیلئے کارکردگی دکھانی ہے، میرے دل میں پہلے کوئی بات تھی اور نہ ہی مستقبل میں کوئی بات ہو گی، میرا پورا کیرئیر نکال لیں، میرا آج تک کسی اپوزیشن کے کھلاڑی یا اپنی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں رہا، ایک ہفتے یا دس روز میں جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا، لیکن میری سوچ بالکل بھی غلط نہیں تھی۔