کون اپنی ازدواجی زندگی سے خوش ہو گا اور کون غیرمطمئن؟ سائنسدانوں کو نئی تحقیق میں بڑی کامیابی مل گئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ اگر اپنی ازدواجی زندگی سے مطمئن نہیں ہیں تو اب اس کا الزام اپنے شریک حیات کے سر مت ڈالیں کیونکہ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس حوالے سے ایک ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ آپ خود ہی اس عدم اطمینان کے موردالزام ٹھہریں گے۔ میل آن لائن کے مطابق اس تحقیق کے نتائج میں امریکہ کی یونیورسٹی آف آرکینسس کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ کون اپنی ازدواجی زندگی سے خوش ہو گا اور کون غیرمطمئن، اس کا تعین ان کا ڈی این اے کرتا ہے۔ 142افراد پر کی جانے والی اس تحقیق میں سائنسدانوں نے لوگوں کے ڈی این اے میں ایک ایسے جین کا سراغ لگایا ہے جو ان کے ازدواجی زندگی سے خوش ہونے یا نہ ہونے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس جین کا نام ’سی ڈی 38‘ ہے جس کی ’سی سی ورائٹی‘ لوگوں کے رومانوی تعلق میں خوش ہونے یا نہ ہونے کا تعین کرتی ہے۔ تحقیق میں شامل جن لوگوں میں اس جین کی یہ ورائٹی پائی گئی وہ اپنے پارٹنرز سے بہت خوش اور اپنے ازداجی تعلق پر مطمئن تھے۔ ان کے برعکس جن میں یہ ورائٹی نہیں تھی وہ اپنے ازدواجی تعلق پر ناخوش پائے گئے۔اس ورائٹی کے حامل لوگ دوسروں کی نسبت زیادہ اعتماد کرنے والے، معاف کرنے والے اور شکرگزار بھی پائے گئے۔