'جہاں سے ن لیگ جیتے وہاں شفاف اور جہاں سے ہم جیتیں وہاں دھاندلی'
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ جہاں سے مسلم لیگ ن جیتے وہاں تو الیکشن شفاف ہوئے ہیں لیکن جہاں سے ہم جیتیں وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتےہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نابالغ قیادت ہے ، جہاں مریم نواز کہتی ہیں وہاں یہ سب ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوجاتےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں ڈسکہ میں 20 پولنگ سٹیشنز پر دھاندلی ہوئی ہے، حالانکہ نتیجہ سوا سات بجے واٹس ایپ کر دیا گیا تھا۔ اس پر تو وزیراعظم نے کہہ دیاہے کہ متنازعہ 20پولنگ سٹیشنز پر نئے انتخابات کرا لیتے ہیں۔
فوادچوہدری نے کہا کہ جب کورونا آیا تھا تو ہمارے پاس وینٹی لیٹرز کی کمی تھی لیکن اب ہر ہسپتال میں وینٹی لیٹر موجود ہیں جو پاکستان میں بنائے گئےہیں ۔ ہم نےجو تاجکستان کووینٹی لیٹربھجوائے تھے وہ بھی پاکستان کے ہی تیار شدہ تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کام کررہے ہیں اس کو انٹرنیٹ کے بغیر چلانے پر تجربہ کررہےہیں، اس کو نادرا کے ساتھ لنک کریں گے تاکہ الزمات کا سلسلہ ختم ہوجائے ۔