بلوچستان اور بھارت کی سازشیں
حالیہ دنوں میں دوبارہ بلوچستان میں پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔پچھلے دنوں نوشکی اور پنجگور میں دہشت گرد تنظیموں کے اراکین نے حملہ کر کے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو شہید کیا۔اس سے قبل کیچ میں حملہ کر کے دہشت گردوں نے پاک فوج کے دس جوانوں کو شہید کیا۔ بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیموں نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کی ہے لیکن باخبر ذرائع بتاتے ہیں کہ ان حملوں کے پیچھے بنیادی طور پر بھارت کی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے جو بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی مالی مدد کر رہی ہے تا کہ پاکستان میں بدامنی کو فروغ دیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر کی ہزیمت کا بدلہ بلوچستان کے ذریعے اتارا جا سکے۔ لیکن بزدل دشمن یہ بھول جاتا ہے کہ کشمیر میں پاکستان کشمیریوں کی مسلمان ہونے کے ناتے صرف اخلاقی مدد کر رہا ہے اور کشمیر میں بھارت کی دس لاکھ سے زائد فوج تعینات ہے جبکہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور مٹھی بھر شدت پسندوں کے علاوہ بلوچستان ایک پر امن خطہ ہے جہاں کے باسی پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ کلبھوشن یادیو کے ذریعے بھی بھارت نے بلوچستان میں شدت پسندی کا بیج بونے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا اور اس کا یہ مہرہ پاک فوج نے نہایت صفائی سے راستے سے ہٹا کر بلوچستان میں دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔کلبھوشن اعتراف کر چکا ہے کہ اس نے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کیں اور دہشت گردوں کو اسلحہ پہنچانے کیلئے پاکستان کے دورے کئے لیکن مغربی دنیا کو بھارت کا یہ مکروہ چہرہ نظر نہیں آتا۔ یہ پاک فوج کے جوان ہی ہیں جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جہاں بلوچستان کے چٹیل میدانوں میں فرائض نبھا رہے ہیں وہیں دنیا کے سب سے بلند محاذسیاچن پر بھی یہ اپنے سے بڑے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں اور موسم کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بھی ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ بھارت کی روز اول سے یہ کوشش رہی ہے کہ کسی طرح پاکستان میں بد امنی کا بیچ بویا جا سکے تا کہ دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان ایک پر امن ملک نہیں ہے لیکن اس کی یہ کوششیں ہر بار پاک فوج کے بہادر جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ناکام بناتے ہیں۔
جب بلوچستان میں را کی کارستانیاں ناکام ہو جاتی ہیں تو یہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کرتا ہے تاکہ پاکستان گرے لسٹ میں برقرر رہے۔کل سے ایف اے ٹی ایف کا تین روزہ اجلاس شروع ہو چکا ہے اور بھارت کی کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کو گرے لسٹ سے بھی نیچے بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے اس مقصد کیلئے ہی یہ پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کروا کر پاکستان کو ایک بد امن ملک کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کا حامی ملک بنا کر پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔عالمی برادری کا اس موقع پر دہرا معیار سامنے آتا ہے کہ وہ اجلاس میں اس بات کا جائزہ تو لے گا پاکستان نے دہشت گردوں کی فنڈنگ کے حوالے سے ان کی سرکوبی کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں لیکن کبھی بھارت کی جانب نظر نہیں دوڑائے گا جہاں بی جے پی کی بغل بچہ تنظیم آر ایس ایس،بجرنگ دل، ہندو مورچہ سماج اور راشٹریہ ہندو پریشد سمیت دیگر ایسی تنظیمیں جو وہاں مسلمانوں کیخلاف دہشت گردی کر رہی ہیں اور ان تنظیموں کو بھارت کی مرکزی حکومت جس کی سربراہی بی جے پی کر رہی ہے اس کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ جہاں حجاب کو تنازع بنایا جا رہا ہے جہاں مسلمانوں کو تعلیم حاصل کرنے سے روکا جا رہا ہے جہاں مسلمانوں کو گائے ماتا کے نام پر شہید کیا جا رہا ہے جہاں مسلمانوں پر لو جہاد جیسا الزام لگا کر ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔کشمیر کی جغرافیائی حیثیت بدلنے کیلئے وہاں ہندو انتہا پسندوں کو بسانے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں یہ سب کچھ بی جے پی کی ذیلی تنظیمیں کر رہی ہیں اور ان کو فنڈنگ بھارت کی حکومت کرتی ہے تا کہ یہ تنظیمیں مسلمانوں کیخلاف نسل کشی کا ماحول بنائے رکھیں۔
عالمی برادری کا دوغلا پن اس سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں بھارت کی یہ گھٹیا حرکتیں نظر نہیں آتیں لیکن پاکستان جہاں دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے پاک فوج اور اس کے ادارے ہر وقت چوکس ہیں کبھی بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہیں تو کبھی بھارتی فنڈنگ کا راستہ روکتے ہیں انہیں بھارت کی یہ مذموم حرکتیں دکھائی نہیں دیتیں۔ پاکستان گرے لسٹ میں رہے یا نہ اس سے نکل جائے لیکن ایک بات عالمی برادری پر واضح ہو چکی ہے کے اس کی عوام پاک فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور آج بھی لوگ شہید ہونے والے نوجوانوں کے گھروں میں افسوس کیلئے نہیں بلکہ مبارک باد دینے جاتے ہیں کہ ان کا بچہ وطن کی حرمت پر قربان ہو چکا ہے جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں۔ جب تک قوم اور فوج کے درمیان محبت کا یہ رشتہ برقرار ہے بھارت جتنی مرضی کوششیں کر لیں جتنے مرضی سازشی منصوبے بنا لے وہ پاکستان کی عوام کے دلوں سے پاک فوج کی محبت کو نکال نہیں سکتا۔انشا ء اللہ پاکستان کی عوام اپنی بہادر افواج کے اسی طرح پشتی بان بنے رہیں گے اور بھارت کے مذموم منصوبوں کا پردہ چاک کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور رہیں گے۔