حارث روف کے کامران غلام کو تھپڑ پر شاہد آفریدی کا رد عمل بھی سامنے آگیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نےکہا ہے کہ کامران غلام کو تھپڑ مار کر حارث نے کوئی اچھی حرکت نہیں کی ، اس طرح کی حرکت ٹی وی پر نہیں ہونی چاہیے، دنیا بھر میں پی ایس ایل دیکھا جارہا ہے اور ایسے میں اس قسم کی حرکت ریکارڈ پر آجاتی ہے۔
حارث رؤف کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر ان کا کہنا ہے کہ اُن کی حارث سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ بہترین رہی، حارث سادہ سے بندہ ہے اور اس کی باولنگ سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کتنا جارح مزاج ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ کچھ چیزیں اگر ہو جاتی ہیں تو ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور آئندہ احتیاط سے کام لینا چاہیے، فاسٹ باولر کے جارحانہ رویے کے مسائل گُرومنگ اکیڈمی میں حل ہونے چاہییں۔شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ حارث رؤف کو آئندہ بہت احتیاط کرنی پڑے گی کیونکہ مستقبل میں اُس کا ایسا رویہ کوئی برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا حارث کی اس حرکت پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا لیکن مینجمنٹ کی جانب سے حارث کا دفاع کرنا غلط ہے۔