ٹک ٹاک کا پاکستان میں پہلے ڈیجیٹل سیفٹی ایونٹ کا انعقاد
لاہور(پ ر) ٹک ٹاک نے پاکستان میں اپنا پہلا ڈیجیٹل سیفٹی ایونٹ منعقد کیا جس میں اُس نے ملک بھر میں سیفٹی ایمبیسیڈر پروگرام شروع کیا۔ اس پروگرام کا مقصد ڈیجیٹل سیفٹی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ عالمی سطح پر ایک ارب سے زائد ماہانہ صارفین کا گہوارہ،ٹک ٹاک ایک ایسا تفریحی پلیٹ فارم بن کر اُبھرا ہے جو اپنے صارفین کو بااختیار بنانے کے لیے متحرک ہے۔ اپنی اختراعی اور منفردکمیونٹی کے لیے مشہور، ٹک ٹاک کی مقبولیت کا ایک اہم عنصر صارف کے تحفظ اور حفاظت پر اس کی بھرپور توجہ ہے۔ پاکستان میں SaferTogether# مہم پلیٹ فارم کے لیے اس سمت کی طرف ایک اور قدم ہے۔اس تقریب میں ستاروں سے مزین پینل ڈسکشن پیش کیا گیا جس میں پاکستان کے نامور کانٹنٹ کریٹرز جیسے تیمور صلاح الدین (عرف مورو)، عرفان جونیجو، فائزہ سلیم، امت الحسین باویجہ، حمزہ بھٹی، عریقہ حق، انوشے اشرف اور قاضی محمد اکبر نے حصّہ لیا۔تقریب میں موجود شُرکاء سے، جس میں پاکستان کریٹرز کمیونیٹی اور صحافی برادری شامل تھے، پینلسٹس نے ڈیجیٹل سیفٹی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جن میں غلط معلومات پھیلانا، ہراساں کرنا، سائبر بلنگ اور انٹرنیٹ کے غلط استعمال پر بات کرنے کے علاوہ انٹرنیٹ کا ذمہ دارانہ استعمال اور محفوظ کانٹنٹ کی ترویج کی۔ مہمانوں نے شرکاء کو زبردست کانٹنٹ تیار کرکے بہترین کریٹرز بننے کے بارے میں مشورے بھی دیئے۔ سوال و جواب سیشن کے دوران، سامعین نے تخلیق کاروں کے ساتھ بات چیت کی اور کانٹنٹ کریشن میں حائل مختلف چیلنجز کے بارے میں دلچسپ معلومات حاصل کی۔ یہ مہم ٹک ٹاک کے اپنے متحرک اور منفرد کمیونٹیز کے لیے ایک محفوظ اور خوش آئند پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے کے ہدف کا جُز ہے۔ SaferTogether# اقدام کے ساتھ، ٹک ٹاک کا مقصد صارف کو پلیٹ فارم پر دستیاب مختلف ان-ایپ حفاظتی خصوصیات سے روشناس کرانا ہے۔
