میڈیکل کالجوں میں نئے نصاب کے تحت امتحانی نظام میں تبدیلی کی منظوری
لاہو ر(لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میڈیکل کالجوں کے لیے نئے ماڈیولز نصاب کے تحت امتحانی نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی، نیا نظام نئے سیشن سے لاگو ہوگا۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی سربراہی میں ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس میں اس حوالے سے کیے جانے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی، اجلاس میں الحاق شدہ میڈیکل کالجوں کے سربراہان اور میڈیکل ایجوکیشن ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس میں سالانہ امتحانات کے نتائج اور سپلیمنٹری امتحانات کے آغاز کے درمیان وقفے کو 40دن سے کم کرکے 21دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ماڈیولر نصاب کے تحت میڈیکل سٹوڈنٹس کیلئے کالج امتحانات میں مجموعی طور پر کم ازکم 50فیصد نمبرز لینا لازمی ہو گا۔اسی طرح 75فیصد سے کم حاضری پر بھی طالب علم کو یونیورسٹی کے سالانہ پروفیشنل امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی، مزید برآں کلینیکل سکلز، پروفیشنلزم، اخلاقیات، قرآنی تعلیم میں سٹوڈنٹ کی کارکردگی کو سال کے آخر میں پروفیشنل امتحانات کے نتائج میں شامل کیا جائے گا۔نیا نظام یکم مارچ سے آنے والی فرسٹ ائیر ایم بی بی ایس کلاس پر لاگو ہوگا۔
