عوامی خدمت اپنا نصب العین سمجھتے ہیں، حاجی منظور آفریدی
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کینگراں وزیر برائے محنت ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا حاجی منظور آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔ قبائلی اضلاع خاص طور پر قبائلی ضلع خیبر کی محرومیوں کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفاتر پشاور میں اپنے خلقے اور ضلع خیبر سے آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ہے۔ وفد میں حاجی شیرین، محمد اسلم ا وردیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران نگراں وزیر محنت ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں، عوام کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ محکمہ ایکسائز اور محکمہ محنت کو پہلے سے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کی ترقی و خوشحالی اور عوام کو تمام تر معیاری خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جائے جبکہ انتظامی امور کو مزید شفاف اور سہل بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ معاشرے کے غریب طبقے کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں، صوبے کی معیشت کو استحکام دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائینگے۔
