چیف ایگزیکٹو آفیسرپیسکوکی ہدایت پر ایکسین کرک ڈویژن معطل
پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو انجینئر عارف محمود سدو زئی نے بنوں سرکل کے تمام ایکسین و دیگر افسران کے ساتھ ملاقات کی - اس ملاقات کا مقصد افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا- نادر ولی، جوکہ کرک ڈویژن میں بطور ایکسین(آپریشن) فائض تھے، کو فرائض سے غفلتاورناقص کارکردگی کی بنا پر فوری معطل کر دیا گیاہے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے-چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو انجینئر عارف محمود سدو زئی نے کہا ہے کہ پیسکو کا مطمع نظر عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے اور مسلسل محنت سے کام کر کے محکمہ کوفائدہ پہنچانا ہے۔ فرائض سے غفلت اور لاپرواہی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی - چیف ایگزیکٹونے کہا کے لائن لاسز میں کمی اور ریکوری میں اضافہ ہر افسر کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں ناکامی پر افسران اور عملے کو ناصرف معطلی بلکہ سخت کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا- اس لئے پیسکو ملازمین اپنے دیے گئے اہداف کو ہر حال میں حاصل کریں اور عوام کو سہولیات فراہم کریں -
