شعیب اختر کی شاہین آفریدی پر تنقید، شاہد آفریدی بھی میدان میں آگئے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر کی جانب سے فاسٹ باولر شاہین آفریدی پر تنقید کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے داماد شاہین آفریدی کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
شاہد آفریدی نے شعیب اختر کے بیان پر کہا کہ یہ کسی بھی فاسٹ باولر کے لیے بہت زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے کہ وہ انجری کے ساتھ کھیلے، شعیب اختر نے بہت انجیکشنز لگوائے ہیں اسی وجہ سے تو وہ آج چل بھی نہیں سکتا۔سابق کپتان قومی ٹیم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا یہ شعیب اختر کی کلاس ہے، وہ یہ کر سکتے ہیں لیکن یہ مشکل ہے، ہر کوئی شعیب اختر کی طرح نہیں ہو سکتا، انجری میں انجیکشن اور درد کش ادویات لیکر کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس سے آپ کی انجری میں اضافے کا خدشہ ہوتا ہے، اس معاملے میں ہمیں شعیب اختر کو اکیلا ہی چھوڑ دینا چاہیے۔
شعیب اختر نے انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران انتہائی اہم موقع پر اپنا اوور مکمل نہ کر کے پاکستان کا ہیرو بننے کا سنہری موقع ضائع کر دیا۔