اللہ ان سب چاہنے والوں کا بھلا کرے جو تیمارداری کے لیے آتے رہے
مصنف: پروفیسر شمع سکندر خان
قسط:11
چھاتی کے کینسر کی 17 اقسام ہیں۔ ہر ایک کا علاج اُس کی قسم کے تعین کے بعد کیا جاتا ہے۔ میرا کینسر رپورٹ کے مطابق HER-2 (negative) تھاجو اگرچہ بہت aggressive ہو تاہے یعنی اُس میںدوبارہ پھیلنے کے خطرات بھی ہو تے ہیں۔ میرے شوہرزیادہ لوگوں کی موجودگی سے گھبراتے ہیں۔ انہوں نے اپنے رشتہ داروں کو تو آنے سے منع کر دیا کہ چند روز بعد آئیں جب ہم ہسپتال سے گھر پہنچ جائیں لیکن میری دوست اور کالج کی ساتھیوں کو وہ کچھ نہیں کہہ سکتے تھے۔ لوگوں کا تانتا بندھا تھا کہ نر سیں پوچھ رہیں تھیں کہ کمرے میں کون داخل ہے جس کے اتنے دوست احباب آئے ہیں۔ میں تہہ دل سے اُن کی مشکور ہو ں جن کی موجودگی،خیال اور دعاو¿ں نے مجھے بہت اخلاقی مدد دی۔
بیمار پُرسی حدیث و قرآن کی روشنی میں ایک نیک فعل ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
”بھوکے کو کھانا کھلاؤ، بیمار کی عیادت کرو اور قیدی کو چھراؤ۔“
حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے فرمایا میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہو ئے سنا ہے کہ ”جب کوئی شخص اپنے کسی مسلمان بھائی کی عیادت کرتا ہے تو 70 ہزار فرشتوں کا گروہ اُ س کے لئے شام تک اُس کے لئے دعا کر تا رہتا ہے اُس کے لئے جنت میں ایک باغ تیار کر دیا جا تا ہے“۔
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک اور حدیث ہے کہ” قیامت کے دن اللہ تعالیٰ فرمائے گا۔اے ابن آدم! میں بیمار ہوا تو تو نے میری عیادت کیوں نہ کی۔ وہ کہے گا اے میرے رب ! میں تیری عیادت کیسے کر تا تو تُو رب العالمین ہے۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا کیا تجھے علم نہ تھا کہ میرا فلاں بندہ بیمار ہے؟ لیکن تو نے اُس کی عیادت نہیں کی۔ کیا تجھے علم نہ تھا کہ اگر تو اُس مریض کی عیادت کر تا تو مجھے اُس کے پاس پاتا“۔ اللہ ان سب چاہنے والوں کا بھلا کرے جو تیمارداری کے لیے آتے رہے۔
اگلی صبح سر جن صاحبہ اپنی ٹیم کیساتھ راﺅنڈ پر آئیں۔ اُنہوں نے مجھے بتایا کہ ہم نے Lumpectomy کی ہے ٹیومر کو نکال دیا ہے۔ مزید بتایا آپ کی سر جر ی بہت اچھی ہو ئی Margins کلیئر ہیں یعنی کینسر ایک جگہ بند تھا باہر نہیں پھیلا۔ لیکن ہمیں بغل میں سے Lymph nodes نکالنے پڑے ہیں کیونکہ ٹیسٹ کے بعد پتہ چلتا ہے کہ خدانخواستہ کینسر نے جسم کے کسی اور حصے کو تو متاثر نہیں کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آپ کی بغل میں پائپ لگا دیا ہے جو کہ ایک بوتل کے ساتھ منسلک ہے۔ متاثرہ جگہ سے گندہ مواد پانی کی صورت میں اس بوتل میں جمع ہوتا جائے گا۔ روزانہ بوتل پر گلے نشانات کی مدد سے یہ جان لیں گے کہ کتنے ملی لیٹر مواد نکلا ہے۔ ڈائری میں اس ریکارڈ رکھیں اور ناپنے کے بعد گندہ پانی بہادیں۔ آہستہ آ ہستہ مواد نکلنا کم ہوتاجائے گا۔ 10 سے 15 روزمیں پانی نکلنا ختم ہو جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ زخم مندمل ہو کر خشک ہو گیا ہے،اور پھر ہم یہ بوتل اور پائپ اُتار دیں گے۔ ( جاری ہے )
نوٹ : یہ کتاب ” بُک ہوم“ نے شائع کی ہے ۔ ادارے کا مصنف کی آراءسے متفق ہونا ضروری نہیں ۔(جملہ حقوق محفوظ ہیں )
