انتخابات میں مبینہ دھاندلی، بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ، عمران خان کا اقدام ریاست کو دھمکی دینا ہے، (ن) لیگ، پیپلز پارٹی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 8فروری2024ء کو ملک میں ہونیوالے جنرل الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اعلان گزشتہ روزپی ٹی آئی کے رہنماؤں بیرسٹر گوہر علی خان اور بیرسٹر علی ظفرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انکا کہنا تھا کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کا حصہ بنے گی اور اپنا کردار ادا کریگی، پی ٹی آئی کا ہر قدم معیشت کی بہتری کیلئے ہو گا، مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا، جو 6 لوگ پہلے سے گئے ہیں ان کے علاوہ کسی کو ملنے کی اجا ز ت نہیں ہے۔علی ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا قومی اسمبلی میں جانے سے پہلے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ضروری ہیں، بانی پی ٹی آئی کو افسوس ہوا عدالتی حکم پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو ملنے نہ دیا گیا، الیکشن میں پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی ہوئی۔انہوں نے مزید کہا عوامی مینڈیٹ رات کے اندھیرے میں چوری کیا گیا، بانی پی ٹی آئی آج آئی ایم ایف کے نام خط جاری کریں گے، خط میں دھاندلی والے تمام حلقوں کے آڈٹ کا کہا جائیگا، جس ملک میں جمہوریت نہیں وہاں عالمی اداروں کو کام نہیں کرنا چاہئے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کولکھے جانیوالے خط میں کہا جائیگا جتنے حلقوں میں دھاندلی ہو ئی وہاں آڈ ٹ کرایا جائے، اس آڈٹ میں جوڈیشری کا عمل دخل بھی ہو، اگرآڈٹ نہیں ہوتا تو آئی ایم ایف سے قرض کا اقدام ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا۔بیرسٹر علی ظفر کاکہنا تھا بشر یٰ بی بی کو دو مہینے سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، وکلا کی ٹیم کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ملاقات کیلئے کیس فائل کیا جائے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہرعلی خان کا کہنا تھا 3 مارچ کو ہونیوالے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی ظفر چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری کیلئے امیدوار ہونگے، ہم سب پارلیمانی کردار ادا کریں گے اور بیرسٹر علی ظفر کو کامیاب کرائیں گے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہم چاہتے ہیں معیشت بہتری کی طرف جائے، اگر الیکشن صاف و شفاف نہیں ہونگے تو معیشت کو نقصان ہوگا،جن کے پاس حق حکمرانی نہیں وہ غاصب کے طور پر کرسیوں پر بیٹھیں گے، عدالت سے تیزی کیساتھ ہونیوالے فیصلوں کو ساری دنیا نے دیکھا ہے، بانی پی ٹی آئی کا جیل میں ہونا غیرقانونی و غیرآئینی ہے، تحریک انصاف پارلیمنٹ کا حصہ بنے گی اور آگے بڑھے گی۔دریں اثناء ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان میں پی ڈی ایم ٹو کا تماشہ رچانے کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم کو مجرموں کا غلام بنانے کا نتیجہ بدترین سیاسی عدم استحکام کی صورت میں نکلے گا۔ پاکستان تحریکِ انصاف کو عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے مر کز، پنجا ب اور خیبر پختونخوا میں حکو مت سازی کا مینڈیٹ سونپا ہے، عمران خان کی نا حق قید، انتخابی نشان چھین لیے جانے اور انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہ دیئے جانے کے باوجود عوام نے تحریکِ انصاف کو180 نشستوں کی واضح اکثریت سونپی ہے، پاکستان کو دو لخت کیے جانیوا لوں کے وارث آج پھر عوامی مینڈیٹ کو روندنے کی ریاستی کوشش میں سہولت کار ہیں۔"ووٹ کو عزت دو" والے نسلی چور ووٹ کی عزت کا جنازہ کندھوں پر اٹھائے17 سیٹوں کیسا تھ عوامی مینڈیٹ کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹنے کی مہم کے بڑے بینیفیشری بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں، رجیم چینج سازش کے مکروہ کردارو ں کو تاریخ کے بد دیانت ترین چیف الیکشن کمشنر کی تائید حاصل ہے، عوام دستور و جمہوریت کیساتھ ننگے کھلواڑ اور اپنے ووٹ پر ڈا لے جانیوالے کھلے ڈاکے کو ہرگزگوارا نہیں کریں گے، تحریکِ انصاف عوامی مینڈیٹ کی چوری کیخلاف ہر سطح پر بھر پور مزاحمت کریگی، ریاستی فیصلہ ساز ہوش کے ناخن لیں اور مر کز و پنجاب میں عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کی بجا ئے فارم 45 مطابق نتائج جاری کریں اور عوام کی منتخب اکثریتی جماعت کو حکومت سازی کا حق دیں۔
عمران اعلان
لاہور، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے پر اپنے اپنے ردعمل میں کہا یہ اقدام ملک کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کو شامل کرنااورملک کے مستقبل سے کھیلنے سمیت ریاست کو دھمکی ہے۔نجی ٹی وی نیوز چینل سے گفتگو میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آئی ایم کو خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔ عطاتارڑ کا کہنا تھا ایک قیدی کی حیثیت سے آپ آئی ایم کو خط لکھیں گے؟ ان کے مذموم مقاصدکیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، آئی ایم کو خط لکھنے کا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جو سیٹیں ملیں کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ لوگ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کوشش کی۔ ان لوگوں کو چند سیٹیوں پر کامیابی ملی، یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں، ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائیگی، ہم نے ملک کی معیشت بہتر کرنی ہے اور بیروزگاری ختم کرنی ہے۔دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تو یہ ریاست کو دھمکی ہو گی۔شرجیل میمن نے بیان میں کہا انہوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کے حوالے سے سیاست کی یہ لوگ ریاست کو تھریٹ کر رہے ہیں یہ ملک کے مستقبل سے کھیلنا چاہ رہے ہیں جوشرمناک ہے۔ اس سے زیادہ شرمناک حرکت ملک میں پہلے کسی نے نہیں کی اس سے زیادہ افسوسناک بات کبھی بھی نہیں ہوسکتی،آپ پورے ملک کو مزید مسائل میں ڈال رہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی اور ان کے وزیرخزانہ نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھے تھے یہ ملک کے بچوں کے مستقبل سے کھیلنا چاہ رہے ہیں۔
ن لیگ، پی پی