یہ تھری لین موٹر وے ہے، گاڑیوں کا تانتا بندھا ہے، کوئی گھبراہٹ نہیں بس ایک دوسرے کے پیچھے پیچھے جا رہے ہیں،لو آگئی سیب اور سٹرابری کی دُکان

 یہ تھری لین موٹر وے ہے، گاڑیوں کا تانتا بندھا ہے، کوئی گھبراہٹ نہیں بس ایک ...
 یہ تھری لین موٹر وے ہے، گاڑیوں کا تانتا بندھا ہے، کوئی گھبراہٹ نہیں بس ایک دوسرے کے پیچھے پیچھے جا رہے ہیں،لو آگئی سیب اور سٹرابری کی دُکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ع۔ غ۔ جانباز 
 قسط:55
یہ تھری لین موٹر وے ہے۔ گاڑیوں کا ایک تانتا بندھا ہے لیکن چُپ چاپ بڑی شرافت سے۔ کوئی گھبراہٹ نہیں بس ایک دوسرے کے پیچھے پیچھے جا رہے ہیں۔ سپیڈ پر ہر دم نظر ہے۔ یہ گزر گیا بائیں طرف Ingleburn Industrial Area۔ لو ایک تعلیمی ادارہ Compus University of Western Australia۔ گاڑی کے بند شیشوں میں جو حرارت بڑھی تو اے سی چلاتے ہی بنی اور ساتھ گرم کوفی بھی تو چلتی رہی۔ سامنے دُور اُفق کے اُس پار کناروں کے ساتھ ساتھ سفید بادلوں کی نوخیز سی ٹکڑیاں ہمیں دیکھ کر ویسے ہی تفریح طبع کے لیے نکل پڑیں اور دائیں بائیں اُسی طرح ساتھ ساتھ چلتے بھیڑوں اور کیٹل فارمز۔ لو آگئی سڑک کنارے ایک اکیلی سیب اور سٹرابری کی دُکان۔ مالک دکان اپنے گھر میں ہوگا۔ قیمت لکھی ہے۔ قیمت رکھ دیں۔ جو مال چاہیے اُٹھالیں …… کیسارہا؟ پاکستانیو!
بھئی اتنا چلے اب بس بھی کرو۔ روکو سامنے ریسٹ ایریا آگیا۔ گھُومیں پھریں۔ فروٹ شاپ سے خریداری کریں۔ لو سولہ آم کا کریٹ قیمت 45 آسٹریلین ڈالر۔ حوصلہ ہے تو لے لیں؟ سٹوبری چھوٹا پیکٹ 2 آسٹریلین ڈالر بڑا، 5آسٹریلین ڈالر۔ ریسٹ ایریا میں کئی کاریں، ٹریکٹر، بائیں، طرف ایک Pond۔ ہر طرف گہما گہمی۔ Pond کے ساتھ ہی کیٹل فارمز۔ گائیں چرتی چراتی پھُولے نہ سماتیں۔ ایک ذرا ہٹ کر لمبے سائز کی ایک بلڈنگ یُوں لگے جیسے کوئی پراسیسنگ پلانٹ ہو۔ 
15منٹ کا توقّف اور پھر چل دئیے لو بائیں طرف الحفیظ والامان! اتنا گہرا نالہ پہلی دفعہ دیکھا  بیس پچیس فٹ گہرا ہوگا۔ بائیں طرف Bargo Exit گزر گیا۔ پتلے، گھنے، براؤن، گرین جنگلات، سڑک کنارے پڑے پتھروں کے ڈھیر، Lime Stone کے لگیں۔ وہ دیکھیں پیلاہٹ میں نہلایاسبز درخت، ایک مُنفرد و ممتاز ترنگ! یہی تو ہیں بہار کے رنگ۔ آگے بائیں طرف بورڈ۔ٹورسٹ ڈرائیو۔ بھئی ہم تو پہلے ہی اِسی چکّر میں ہیں مزید چکّر میں ابھی نہ ڈالو۔
اب آگے آگیا علاقہSouthern Highland Wine Region وہ دیکھا بائیں طرف Wine yards اور میوزیم اور انڈسٹریل ایریا۔
گاڑی سُبک رفتاری سے Mittagong بازار میں سے گذری تو آگے دل آمادہ ہوا تو ٹورسٹ ڈرائیو کی طرف گاڑی موڑی دی۔ 
لو یہ دیکھیں جو دائیں طرف سات آٹھ فٹ اُونچی باڑ ہے۔ اِس میں سبز اور سُرخ پتّوں کا تناسب، دیکھیں نیچے زیادہ سبز اور باہر کی طرف دائیں بائیں مِلے جلے سبز اور سُرخ۔ اور جُونہی آپ اُوپر کی طرف رجوع فرمائیں گے تو سُرخ اور سبز آپس میں بازی لے جانے میں رسّہ کشی کرتے نظر آئیں گے۔ اب آگے گھنا جنگل اور جا پہنچے ہم Mount Gibralter کی Bowral Lookout پر۔ Lookout پر کھڑے ہو کر نظاّرہ دیکھنے کی جگہ، 10 فٹ لمبا 8 فٹ چوڑا لکڑی کا فرش اور اُس پر لگا ایک لوہے کے پائپوں کا جنگلہ۔ بے خوف و خطر کھڑے ہو کر دیکھیں نیچے شہری، آبادی کے حسین نظارے۔ بلندی سے City Bowral کے گھر۔ بچّوں کے بنائے گھروندے لگیں۔ چھوٹی چھوٹی لکیر نما سڑکوں پر دوڑتی لگتی مِنی گاڑیاں، وہ دُور ایک پارک میں کھیلتے معلوم ہوں لڑکے کرکٹ میچ۔ (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے۔ ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔(جملہ حقوق محفوظ ہیں)

مزید :

ادب وثقافت -