الیکشن کمیشن:انتخابی اصلاحات کا بل منظور،رشوت دینے اور جعلی ووٹنگ پر جرمانہ بڑھا دیا گیا

الیکشن کمیشن:انتخابی اصلاحات کا بل منظور،رشوت دینے اور جعلی ووٹنگ پر جرمانہ ...
الیکشن کمیشن:انتخابی اصلاحات کا بل منظور،رشوت دینے اور جعلی ووٹنگ پر جرمانہ بڑھا دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحاتی بل کے مسودے کی منظوری دے دی اور انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے پر جرمانے اور کاغذات نامزدگی فیس میں کئی گناہ اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ بل میں ووٹرز کو رشوت دینے، جعلی ووٹنگ، ووٹرز پر دباﺅ ڈالنے، پولنگ اسٹیشنز پر قبضے اور انتخابی مہم میں زائد اخراجات پر جرمانہ 5 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے۔ بیلٹ پیپرز پھاڑنے، ووٹرز پر اثر انداز ہونے جیسی سرگرمیوں پر جرمانہ ایک ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار تجویز کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگی فیس 4 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار کیلئے 2 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر نے کی تجویز دی گئی ہے، بل کی حتمی منظوری پارلیمنٹ دے گی۔ عدالتی احکامات کے تحت لازمی ووٹنگ، امیدوار کیلئے واضح اکثریت حاصل کرنے کی شرط جیسے امور پر وزارت قانون کو قانون سازی کی سفارش کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے 11 نئی سیاسی جماعتوں کو بھی رجسٹرڈ کر لیا ہے جس کے ساتھ الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 227 ہوگئی ہے۔ کمیشن نے 16 سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیئے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی تحریک تحفظ پاکستان کو میزائل کا انتخابی نشان دے دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی،جے یو آئی ف اور اے این پی سمیت 10 سیاسی جماعتوں نے اپنے پارٹی انتخابات کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن کو فراہم کردیں ہیں۔