سرکار کی آمد مرحبا، ملک بھر میں12ربیع الاول کی تیاریاں عروج پر

سرکار کی آمد مرحبا، ملک بھر میں12ربیع الاول کی تیاریاں عروج پر
سرکار کی آمد مرحبا، ملک بھر میں12ربیع الاول کی تیاریاں عروج پر

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہ ربیع اول کے آغاز سے ہی گھروں، مساجد، محلوں اور گلیوں کو سجانے کے لیے جھنڈے، جھنڈیوں، برقی قمقموں اور دیگر اشیاءکی خریداری عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلے میں خوبصورت رنگوں اور جھلمل کرتے گلیٹرز سے لکھے کلمہ طیبہ اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے بینرز، سبز جھنڈوں، اور برقی قمقموں کی خریداری کے لیے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے بازاروں کا رخ کیا ہوا ہے۔ دوکانداروں کا کہنا ہے کہ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر فینسی خوبصورت نگینوں سے آراستہ سبز اور سفید رنگ کے ڈیزائن والے بیجز اورچائنا الیکٹرک قمقموں کی لڑیوں کی مانگ زیادہ ہے۔ بچے اور بچیاں کلمہ طیبہ اور نعلین مبارک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شبیہ سے سجے بینڈز، کڑے اور لاکٹ خرید کر آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے خصوصی اظہار محبت کر رہی ہیں۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں سبز بہار آجاتی ہے۔ عقیدت مند جوش وجذبے سے سجاوٹ کی اشیاءخرید کر گلی محلوں کو سجاتے ہیں۔ بازاروں میں جشن میلاد کے سلسلے میں سٹال سج گئے ہیں۔ کہیں ایک طرف نعت خواں ٹولیاں جلوس میں شرکت کے لیے تیاریاں کر رہی ہیں تو دوسری طرف عمارتوں کو برقی قموموں سے سجایا جا رہا ہے۔ جشن میلاد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں سرکاری و نجی دفاتر اور سکولوں کو بھی سجایا جا رہا ہے جبکہ مختلف مقامات پر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقاریب کا بھی انعقاد جاری ہے۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد کا جشن منانے کے لیے یوں تو ہر کوئی پر جوش دکھائی دیتا ہے تاہم بچوں کا جذبہ دیدنی ہے۔ ۔ عید میلاد البنی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر مامور ہونگے۔

مزید :

قومی -