مصطفے آباد، گیس سلنڈر پھٹنے سے محنت کش جھلس گیا
لاہور(کرائم سیل) مصطفے آباد کے علاقہ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے محنت کش 40 سالہ عبدالرحیم جھلس کر شدید زخمی، واقعہ پر پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بتایا گیا ہے کہ علامہ اقبال روڈ پر عبدالرحیم نامی شخص نے ویلڈنگ کی دکان بنا رکھی ہے۔ گزشتہ روز وہ اپنی دکان پرویلڈنگ کا کام کررہا تھا کہ اچانک گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث چالیس سالہ عبدالرحیم بری طرح جھلس گیا، جبکہ پورے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ورکروں اور دکانداروں نے دکانیں چھوڑ کر دوڑیں لگانا شروع کردیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جس پر محنت کش عبدالرحیم کو شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عبدالرحیم کی حالت تشویش ناک ہے۔ اس حوالے سے تفتیشی افسر ندیم احمد نے بتایا کہ واقع اتفاقیہ ہے اور کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
