راجہ اشفاق سرور کی گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کے واقعہ کی شدید مذمت

راجہ اشفاق سرور کی گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کے واقعہ کی شدید مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے ڈیفنس لاہور کے علاقہ میں تشدد کے نتیجے میںگھریلو ملازمہ فضاءبتول کے ہلاکت کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر لاہور کو مکمل تحقیقات کے بعد فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔     صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ادارہ سوشل سکیورٹی میں محکمہ محنت کے اعلیٰ افسران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف ، ڈائریکٹر لیبر سید حسنات جاوید ، ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر محمد نعیم چوہدری و دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر محنت نے ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر کو ہدایت کی کہ وہ اس واقعہ کے تمام پہلوﺅں اور محرکات کا جائزہ لے کر جلد از جلد انہیں تفصیلات سے آگاہ کریں ۔سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف نے لیبر قوانین کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ گھریلو ملازمین کے معاملات موجودہ لیبر قوانین کے دائرہ کار میں نہیں آتے اور اس ضمن میں علیحدہ قانون سازی کی ضرورت ہے۔سیکرٹری لیبر نے کہا کہ عالمی ادارہ محنت (ILO) کے متعلقہ کنونشن بابت گھریلو ملازمین کی حکومت پاکستان کی جانب سے توثیق کے بعد حکومت پنجاب کے اس سلسلے میں مزید ضروری اقدامات بشمول قانون سازی عمل میںلائے گی۔ صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ گھروں میں کام کرنے والے بچوں پر تشدد کے گھناﺅنے واقعات ہر ذی شعور انسان کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی غربت ،تعلیم کی کمی اور معاشی ناہمواریوں کی وجہ سے کم عمر بچے اور بچیاں ملازمت پر مجبور ہوجاتے ہیں، ایسے بچوں کے ساتھ انسانیت سوزسلوک کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسے شرمناک واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کررہی ہے۔