سکیم چوک میں گاڑیوں کی ورکشاپ میں دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) سکیم چوک میں گاڑیوں کی ورکشاپ میں دھماکے سے 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے جن میں سے 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔ ایس پی رورل رحیم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح ورکشاپ میں ایک سفید رنگ کی آلٹو گاڑی لائی گئی جس میں دھماکہ اور اس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ورکشاپ میں موجود 5 گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 25 سے 30 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے، ہو سکتا ہے کہ دھماکہ خیز مواد والی گاڑی یہاں تیار ہو رہی ہو یا پھر مرمت کیلئے آئی ہو اور اس کا ہدف کچھ اور ہو۔ دھماکے کے ایک عینی شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ گاڑی آج صبح ایک پولیس اہلکار لے کر آیا تھا اور اس کا نمبر کراچی کا تھا تاہم یہ نہیں پتہ کہ گاڑی اسی پولیس اہلکار کی تھی جو لایا تھا یا چوری کی تھی۔ خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
