ٹرائی اینگولر سیریز ، انگلینڈ اور آسٹریلیا آج پنجہ آزما ہونگے

ٹرائی اینگولر سیریز ، انگلینڈ اور آسٹریلیا آج پنجہ آزما ہونگے

ہوبارٹ (سپورٹس ڈیسک) کارلٹن سہ ون ڈے کرکٹ سیریز کا چوتھا میچ آج آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیم کے درمیان ہوبارٹ میں کھیلا جائیگا۔ کارلٹن سہ ون ڈے کرکٹ سیریز میں آسٹریلیا سمیت انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ سیریز کا پانچویں میچ میں 26 جنوری کو آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر آمنے سامنے ہوں گی، سیریز کا چھٹا میچ 30 جنوری کو انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل یکم فروری کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان پرتھ میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن نے کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر کے حالیہ تنازع کے باوجود سہ ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول میچ میں ٹیم جارحانہ انداز کو برقرار رکھے گی۔ وارنر نے سہ ملکی سیریز میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران روہت شرما کے ساتھ بد کلامی کی اور انہیں انگلش میں بات کرنے کو کہا جس پر آئی سی سی نے ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا لیکن یہ بات یہاں ختم نہ ہوئی اور تنازع کھڑا ہو گیا۔ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں، آسٹریلوی ٹیم کے کوچ اور سی ای او نے بھی وارنر کے نا مناسب رویے کی مذمت کی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہماری ٹیم نہ صرف کرکٹ کے کھیل بلکہ مخالف کھلاڑیوں کا احترام کرتی ہے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے، وارنر کا تنازع ماضی کا حصہ بن چکا ہے، مسلسل دو فتوحات کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہم انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی جارحانہ انداز کو برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی