ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریزمیں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، ڈی ویلیئرز

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریزمیں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، ڈی ...

جوہانسبرگ (بیورو رپورٹ) جنوبی افریقہ کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیزکے خلاف ون ڈے سیریز کے مسلسل تیسرے میچ میں کامیابی پر بہت خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ میچ اور سیریز میں 3-0 سے کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی مجموعی برتری کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے جس کا فائدہ مہمان ٹیم کے خلاف بقیہ میچوں میں ہمیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور ویسٹ انڈٖیز کو سیریز کے بقیہ دونوں میچوں میں بھی شکست دیکر سیریز میں کلین سوئپ کریگی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں کھیل کے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بڑی فتح میں وہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور اس کو شکست دینا آسان نہیں تھا تاہم کھلاڑیوں نے میچ کے دوران تمام توجہ کھیل پر مرکوز رکھی اور اپنے عمدہ کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کو آئندہ میچوں میں بھی آسان نہیں لینگے اور اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرینگے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی