نوویک جوکوچ، ڈیوڈ فیرر، سرینا ولیمز اور پیٹراکویٹو تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں

نوویک جوکوچ، ڈیوڈ فیرر، سرینا ولیمز اور پیٹراکویٹو تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں

سڈنی ( سپورٹس ڈیسک) سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ، سوئٹزرلینڈ کے فورتھ سیڈڈ سٹانسلاس وارینکا، جاپان کے ففتھ سیڈد کئی نیشیکوری اور ہسپانوی ڈیوڈ فیرر اپنی فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ سپین کے روبرٹو باٹسٹا دوسرے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ۔ ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز اور انکی بڑی بہن وینس ولیمز، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا اور پولینڈ کی اگنسکا راڈوانسکا اپنی پیش قدمی کے سلسلے کو بڑھاتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ کے چوتھے روز کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میچ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی اینڈرے کیوزنٹسوا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-0،6-1 اور 6-4 سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ سوئٹزرلینڈ کے فورتھ سیڈڈ سٹانسلاس وارینکا نے رومانوی کھلاڑی ماریس کپل کو ہرا کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ جاپان کے ففتھ سیڈد کئی نیشیکور نے شاندار کھیل کی بدولت حریف کروشین کھلاڑی آئیوان ڈوڈگ کو کانٹے دار مقابلے کے بعد4-6، 5-7، 6-2اور 7-6(7-0) سے ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ہسپانوی ڈیوڈ فیرر نے یوکرائن کے سرجیے سٹاخوسکے کو پہلے سیٹ میں شکست کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے یوکرائن کے حریف کھلاڑی کو5-7، 6-3، 6-4 اور 6-2 سے مات دیکر میگا ایونٹ کے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ویمنز سنگلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میچ میں امریکہ کی سرینا ولیمز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی ویرا زوناریوا کو شکست دی۔ امریکہ کی ہی نامور کھلاڑی اور سرینا ولیمز کی بڑی بہن وینس ولیمز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی کو سٹریٹ سیٹس میں زیر کر کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ انکی فتح کا سکور 6-2 اور 6-3 رہا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا نے دوسرے راؤنڈ کے ایک میچ جرمنی کی مونا بارتھل کو 6-2 اور 6-4 سے مات دیکر اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔ پولینڈ کی اگنسکا راڈوانسکا نے سوئٹزرلینڈ کی جوہانا لارسن کو سٹریٹ سیٹس میں بآسانی 6-0، اور 6-1 سے ہرا کر دوسری رکاوٹ عبور کر کے تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی