نجم سیٹھی کی پاکستان سپر لیگ کے حقوق کی نیلامی کمیٹی کا چیئرمین بننے سے معذرت
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ کے حقوق کی نیلامی کمیٹی کی سربراہی لینے سے معذرت کر لی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ان پر اعتماد اور بھروسہ کرنے پر بورڈ آف گورنر زکا شکریہ ادا کیا۔اْنہوں نے پی ایس ایل کے پروجیکٹ و آئیڈیا کی بحالی کیلئے سخت محنت کی لیکن وہ مالی معاملات وٹھیکوں میں شامل ہونے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک روز پہلے ہونے والے گورننگ بورڈ اجلاس میں نجم سیٹھی کو تین کمیٹیاں سپر لیگ نیلامی کمیٹی \' میڈیا پالیسی کمیٹی اور ڈسٹرکٹ اینڈ کلب کے آئین مرتب کرنے کی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ اس کے علاوہ نجم سیٹھی پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی کام کر رہے ہیں جو بورڈ میں سب سے مضبوط کمیٹی جو خالصتاًمشاورتی اور غیر فیصلہ کن ادارہ ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہوں نے سپر لیگ بڈ کمیٹی کی سربراہی لینے سے اس لئے معذرت کی ہے کیونکہ وہ مالی معاملات میں نہیں آنا چاہتے۔ واضح رہے نجم سیٹھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر کا عہدہ جولائی2015میں سنبھالیں گے یہ بھی اعزازی منصب ہے۔