صنعت و تجارت کو درپیش مسائل جلد حل کرنیکی کوششیں کروں گا ‘ گورنر پنجاب

صنعت و تجارت کو درپیش مسائل جلد حل کرنیکی کوششیں کروں گا ‘ گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( این این آئی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وہ صنعت و تجارت کو درپیش مسائل وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں اور ان کے جلد حل کے لیے کوششیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سید محمود غزنوی نے گورنر پنجاب کو توانائی کے بحران، امن و امان کی صورتحال، ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام ، ٹیکس اصلاحات، ایس آر او 608اور پٹرول کے بحران سے متعلق تاجر برادری کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام، ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے ، انڈر انوائسنگ اور سمگلنگ کے خاتمے سے متعلق میاں نعمان اور سید محمودغزنوی کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ گورنر پنجاب نے لاہور چیمبر کی او آئی سی ایمبیسڈر کانفرنس 2015کی سرپرستی کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس او آئی سی کے اراکین ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں نعمان کبیر اور سید محمود غزنوی نے گورنر پنجاب کو لاہور چیمبر کی او آئی سی ایمبسیڈر کانفرنس 2015ءکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری ماحول بہتر اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام کو آسان بنانا بہت ضروری ہے۔
، سید محمود غزنوی نے کہا کہ تاجر برادری ایس آر او 608پر تحفظات رکھتی ہے لہذا گورنر پنجاب اس ایس آر او کی واپسی کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارک اپ کی شرح کم کرکے سات فیصد تک لائی جائے تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہواور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں دیگر ممالک کا مقابلہ کرسکیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کی مشاورت سے ٹیکس اصلاحات متعارف کرائے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے گورنر پنجاب پر زور دیا کہ وہ ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کردار ادا کریں۔ میاں نعمان کبیر اور سید محمود غزنوی نے گورنر پنجاب کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جس پر گورنر پنجاب نے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی لاہور چیمبر کا دورہ کرکے تجارتی و معاشی معاملات پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال کریں گے۔

مزید :

کامرس -