پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،خواجہ سلمان رفیق

پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،خواجہ سلمان رفیق

لاہور ( جنرل رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجہ کی بنیادی ضروریات کی فراہمی اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کواپ گریڈ کیا جارہاہے جس کے لیے چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پر عملدرآمد شروع کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے پرانے نظام کو دور حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات کا آغاز کردیا ہے جس کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی جدید خطوط پر تربیت ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹرمیں216ہیلتھ مینجرز کی بطور ماسٹر ٹرینر تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل(ر) محمد اسلم، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر معاذ احمد کے علاوہ دیگر طبی ماہرین اورپراجیکٹ ڈائریکٹر پالیسی اینڈسٹرٹیجک پلاننگ یونٹ محکمہ صحت بہادر قاضی، ٹی آر ایف پلس کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر انور جنجوعہ نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہیلتھ کے شعبہ میں پروفیشنلز کو لیڈ کرنا ہوگا حکومت و سائل اور پولیٹیکل کمٹمنٹ فراہم کرے گی۔ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل ثقلین کی انتظامی صلاحیتو ں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے PHDCکے ادارے میں پھرسے جان ڈال دی ہے۔ قبل ازیں پالیسی اینڈسٹرٹیجک پلاننگ یونٹ کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی نے ٹریننگ پروگرام کی افادیت ، اغراض و مقاصد اور اس سلسلہ میںPSPUکے کردار پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر سہیل ثقلین ڈاکٹر زاہد پرویز اور TRFپلس کے ڈاکٹر انور جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1