مانگا منڈی،محافظ چیکنگ کے بہانے دن دیہاڑے لوٹ مار کر رہے ہیں
مانگا منڈی (ملک ممتاز حسین سے) تھانہ مانگا منڈی کے علاقہ میں ڈاکو رات کو مسافروں کو روک کر لوٹ مار کرتے ہیں جبکہ تھانہ مانگا منڈی کے موٹرسائیکل سوار محافظ چیکنگ کرنے کے بہانے مسافروں کو روک کر دن دیہاڑے لوٹ مار کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جس طرح ڈاکو رات کو سرعام لوٹ مار کررہے ہیں اسی طرح تھانہ مانگا منڈی پولیس کے محافظ موٹر سائیکل پر سوار 3یا 4کی ٹولیوں میں ملتان روڈ موٹر وے پر شامکے بھٹیاں ،ہنڈا فیکٹری،مانگا بائی پاس کے قریب کھڑے ہوکر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر تلاشی کے بہانے زبردستی 100روپے سے لیکر 500روپے تک جگا وصول کرتے ہیں حالانکہ موٹروے پر محافظوں کا ناکہ لگانا غیر قانونی ہے ،کسی مخبری یا اعلیٰ افسروں کے حکم پر ناکہ لگاکر مشکوک کاروں کو روک کر چیک کیا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ محافظ راکو فیکٹری،رائیونڈ روڈ ،کماس روڈ پر ناکہ لگا کر دن دیہاڑے مسافروں کو لوٹ رہے ہیں۔ عوام کی شکایت پر روزنامہ ’’پاکستان‘‘کے نمائندہ نے محافظوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم صرف خرچہ پانی وصول کرتے ہیں اور اپنے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے کیلئے رقم وصول کرتے ہیں ۔شہریوں نے پولیس کے اس رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سردی میں اور دھند میں خاص کر فیملی والے موٹر سائیکل سواروں کو تنگ کرکے رقم وصول کرتے ہیں۔شہری محمد افضل،تنویر احمد،محمد اعظم اورعمران نے سی سی پی او لاہورسے مطالبہ کیا ہے کہ شریف شہریوں کو تنگ کرنے والے محافظوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔