دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پولیس اور شہریوں کا تعاون ضروری ہے امین وینس

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پولیس اور شہریوں کا تعاون ضروری ہے امین وینس

لاہور(پ ر) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پولیس اور شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے کیونکہ دہشت گرد ، سماج دشمن عناصر اورجرائم پیشہ افراد ہم میں سے کسی نہ کسی کے ہمسائے میں رہتے ہیں یا ان کے سہولت کار ہمارے اِرد گرد موجود ہیں، اگر ہم ایسے افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے بروقت مطلع کر دیں تو دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو باآسانی ناکام بنا کران کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے جو صرف اور صرف شہریوں کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے کمیونٹی سنٹر ماڈل ٹاؤن میں\" تحفظ مل جل کر\" کی پالیسی کے تحت پولیس اور شہریوں کی جانب سے منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایس پی ماڈل ٹاؤن محمد باقر رضا ایس پی ماڈل ٹاؤن، انویسٹی گیشن راکٹر رضوان ، ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کے صدر و اراکین کے علاوہ، وکلاء، سول سوسائٹی ،تاجر اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔محمد امین وینس نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ ہی جیتاجا سکتا ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں لاہور کے شہریوں کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کے دکھوں کو اپنے دکھ اور آپ کے سُکھوں کو اپنا سکھ سمجھیں گے اور جو بھیڑیے اور سماج دشمن عناصر آپ کے جان، مال اور عزت کے دشمن ہیں وہ ہمارے بھی دشمن ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ نہ ہی شہر میں کوئی غیر قانونی قبضہ ہو گا اور نہ ہی کوئی بدمعاش شریف شہری کو تنگ کرے گا اور کسی بدمعاش یا غنڈے نے کسی بھی شہری سے بھتہ مانگا تو پھر آپ یہ سمجھ لیں کہ اس نے لاہور پولیس اورمجھ سے بھتہ مانگا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے کہا کہ سانحہ پشاور میں بچوں کی شہادت سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی دین اور یہ سفاک بھیڑیے انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی جانب سے عوام کا تعاون حاصل کرنے اورشہریوں کو اس حوالے سے آگاہی دینے کے لیے پولیس کی جانب سے منعقدہ اس اجتماع پر مقررین نے سی سی پی او لاہور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس داد و تحسین کی مستحق ہے جس نے شہریوں اور پولیس کے درمیان حائل فاصلوں کو کم کرنے کے لیے یہ مستحسن قدم اٹھایا ۔

مزید : علاقائی