ہائیکورٹ : اینٹی بائیوٹک انجکشن فراہم کرنیوالی فیکٹری کو دوبارہ کھولنے کا حکم
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ہسپتالوں کو اینٹی بائیوٹک انجکشن فراہم کرنے والی فیکٹری کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ کااس فیکٹری کو بلیک لسٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قراردے دیا۔مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے ریاست علی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل احمد فہیم بھٹی نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ سال محکمہ صحت نے میڈیسینیا فارماسوٹیکل کے فراہم کردہ پچیس ہزار انجکشن خراب ہونے کی بنا پر فیکٹری کو سر بمہر اور بلیک لسٹ کر دیا ، انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت نے فراہم کردہ انجکشنز کو کم ٹمپریچر پر رکھا جبکہ 8 ہزار انجکشنز کو استعمال بھی کیا گیا ، محکمہ صحت کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی رپورٹ پر فیکٹری کو سیل نہیں کیا گیا جبکہ کوالٹی کنٹرول بورڈ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے اور درخواست گزار کے علاوہ 5 فارما سوٹیکل کمپنی کو کو سیکرٹری ہیلتھ کے احکامات کے تحت بلیک لسٹ کیا گیا ہے، عدالت نے سیکرٹری ہیلتھ کا فیکٹری کو بلیک لسٹ اور سربمہر کرنے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
فیکٹری حکم