پٹرول بحران ،ہائیکورٹ نے حکومتی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ طلب کر لی

پٹرول بحران ،ہائیکورٹ نے حکومتی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ طلب کر لی

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پٹرول بحران پر وزیر اعظم کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بحران کا ذمہ دار جو کوئی بھی ہے اسے چھپانے کی بجائے منظرعام پر لانا چاہیے۔مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے پٹرول بحران کے خلاف ایڈووکیٹ صفدر شاہین پیرزادہ اور گوہر نواز سندھو کی درخواستوں پر سماعت کی، وزارت پٹرولیم کے افسروں نے پیش ہو کر بتایا کہ آئل کمپنی پارکو تکنیکی خرابی کے باعث بند ہو گئی تھی ، یہ کمپنی جنوبی پنجاب اور لاہور کو پٹرول سپلائی کرتی ہے جبکہ دھند کی وجہ سے بھی تیل کی سپلائی کا عمل تاخیر کا شکار ہوا، سرکاری وکیل نے کہا کہ وزیر اعظم نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے، عدالت نے 6 فروری کو انکوائری کمیٹی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قرار دیا کہ پٹرول شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اور.اس بحران سے عوام کے حقوق شدید متاثر ہوئے ہیں، اس بحران کا جو کوئی بھی ذمہ دار ہے اسے چھپانا نہیں بلکہ منظرعام پر لانا چاہئے اور سزا ملنی چاہیے، عدالت نے آئندہ سماعت پر وزارت پٹرولیم اور آئل کمپنیوں کے اجلاس کا ریکارڈ بھی طلب کر لیاہے۔

پٹرول بحران

مزید : صفحہ آخر