ایپکا پنجاب کی پیرکو لاہور میں تمام صوبائی محکموں میں قلم چھوڑ ہڑتال کی کال

ایپکا پنجاب کی پیرکو لاہور میں تمام صوبائی محکموں میں قلم چھوڑ ہڑتال کی کال

لاہور ( خبرنگار) ایپکا پنجاب نے 26 جنوری کو ایک دن کے لئے لاہور میں واقع تمام صوبائی محکموں میں قلم چھوڑ ہڑتال کی کال دے دی ہے جس میں سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اور اعلانات ایپکا کے صوبائی و مرکزی رہنماﺅں حاجی محمد ارشاد، فضل داد گجر، لالہ محمد اسلم، یونس بھٹی ، ارشد باجوہ سمیت اکرم سلطان اور ریاض الدین نے ایپکا کے زیر اہتمام ملازمین کے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر ایپکا کے زیر اہتمام محکمہ زراعت کے ڈائریکٹوریٹ آفس واقع ٹھوکر نیاز بیگ اور جناح ہسپتال کے سامنے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ محکمہ زراعت کے صوبائی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد ارشاد نے کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے ساتھ ظلم و دشمنی کی انتہا کر دی ہے اور بالخصوص محکمہ فنانس کی ملازمین دشمنی نے تو ملازمین کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2013ءکے بجٹ میں ملک بھر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا جس کے مقابلہ میں پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کی نسبت 5فیصد کم اضافہ کیا ہے اور اس کے علاوہ تاحال ملازمین کے پے سکیلوں کو اپ گریڈ نہیں کیا جا رہا ہے اس میں حکومت نے ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل کرنے کی متعدد بار یقین دہانی بھی کروائی ہے لیکن محکمہ فنانس ٹس سے مس نہیں ہے۔ اب حکومت کی بے حسی اور محکمہ فنانس کی ملازمین دشمنی کے خلاف سڑکوں پر ماتم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایپکا کے رہنما لالہ محمد اسلم نے کہاکہ 26 جنوری کو لاہور میں قائم تمام سرکاری صوبائی محکموں میں مکمل طور پر ہڑتال کی جائے گی اور ملازمین سرکاری دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے۔ اس موقع پر ملازمین نے بازوﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ جس میں حکومت اور محکمہ فنانس کی ملازمین دشمنی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایپکا کے مرکزی رہنما حاجی فضل داد گجر نے کہا کہ اس کے باوجود اگر حکومت نے مطالبات منظور نہ کیے تو پھر سول سیکرٹریٹ اور پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے۔

 قلم چھوڑ ہڑتال

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...