ارباب غلام رحیم بڑے پیر نہیں کہ ان کی پیشگوئیاں پوری ہوں،شرجیل میمن
کراچی (آئی این پی) وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ارباب غلام رحیم بڑے پیر نہیں کہ ان کی پیشگوئیاں پوری ہوں‘ ارباب غلام رحیم موسم کی طرح پارٹی بدلتے ہیں‘ لیاری کے حالات اب نہیں شروع سے ایسے رہے ہیں‘ موجودہ حکومت امن قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے گنے کی قیمت فکس کردی ہم غریب ہاریوں کے ساتھ ہیں یہ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لئے ہاریوں کا نام استعمال کررہے ہیں۔ ہر طرح کے پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہیں اور پرامن احتجاج کرنے والوں کو نہیں روکیں گے۔ سب سے زیادہ آپریشن لیاری میں ہوا ہے حکومت نے اس معاملے میں پولیس کو فری ہینڈ دیا ہوا ہے لیاری کے حالات اب سے نہیں شروع سے ایسے رہے ہیں امن قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہمارے دروازے مفاہمت کے لئے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں ۔ ارباب علام رحیم کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کوئی بڑے پیر نہیں کہ ان کی پیش گوئیاں پوری ہوں سال میں اتنے موسم نہیں بدلتے جتنی وہ پارٹیاں بدل لیتے ہیں۔
شرجیل میمن