تمام دہشتگرد بُرے ہیں ، اچھے یا بُرے کی کوئی تفریق نہیں ہے، شہباز شریف

تمام دہشتگرد بُرے ہیں ، اچھے یا بُرے کی کوئی تفریق نہیں ہے، شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جتنی قربانیاں پاکستان نے دی ہیں، اس کی مثال اقوام عالم کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ اس جنگ میں50 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں۔ پاک افواج کے افسروں، جوانوں، پولیس افسروں، اہلکاروں اور شہریوں نے اپنا خون دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں ، پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وحشی درندوں نے پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو شہید کرکے بربریت کا گھناؤنا کھیل کھیلا ۔دہشت گردوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب، یہ انسان بھی کہلانے کے حقدار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا براہ راست تعلق قیام امن سے جڑا ہوا ہے۔ امن ہوگا تو سرمایہ کاری ہوگی، معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہو ں نے کہا کہ امن دشمنوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے صفحہ ہستی سے مٹانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف قوم میں اتحاد اور اتفاق کا مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف متفقہ قومی ایکشن پلان 18 کروڑ عوام کی آواز ہے۔ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور قومی قیادت نے اتفاق رائے سے دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے جرأتمندانہ فیصلے کئے ہیں۔ تمام دہشت گرد برے ہیں، اچھے یا برے کی کوئی تفریق نہیں ہے۔ ہمارے معصوم بچوں کو شہید کرنے والے درندے عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور کے ایک سکول کے بچوں پر پولیس کے لاٹھی چارج کے واقعہ کا نوٹس کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اورزخمی ہونے والے 2بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ سکول کے بچوں پر لاٹھی چارج کسی صورت قابل برداشت نہیں ۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...