جماعت الدعوۃ اور تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمند:حافظ سعید کے بین الاقوامی سفر پر پابندی

جماعت الدعوۃ اور تمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمند:حافظ سعید کے بین ...

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتِ پاکستان نے جماعت الدعوۃ اورتمام کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کر دیئے ہیں اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ اقوام متحدہ نے جن جماعتوں پر پابندی عائد کی ہے ان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں جبکہ جماعت الدعوۃ اور حافظ سعید پر عائد پابندیاں بھی نیشنل ایکشن پلان اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ اور بھارت حافظ سعید کی سربراہی میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم جماعت الدعوۃ کا تعلق کالعدم ’’لشکر طیبہ‘‘ سے بتاتے رہے ہیں جبکہ بھارت لشکر طیبہ پر 2008ء میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار بھی قرار دیتاہے۔ امریکہ کی جانب سے متعدد بار حافظ سعید پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے تاہم یہ معاملہ تاخیر کا شکار رہا۔تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک پر بھی پابندی عائد کردی ہے تاہم اس کے پاکستان میں کوئی بینک اکاؤنٹس موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پابندی اور اثاثے منجمد کرنے کے فیصلے کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی ہیں اور اس تنظیم کو افغانستان میں موجود امریکی فوج پر متعدد حملوں کے بعد 2012 ء میں امریکہ کی جانب سے دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا۔ پاکستان میں داعش کی موجودگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ حکومت تمام خدشات سے آگاہ ہے اور داعش کی پاکستان میں سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔حکومتِ پاکستان نے جن کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد کر کے ان کے اثاثے منجمد کئے ہیں ان میں حرکت الجہاد اسلامی، حرکت المجاہدین، فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن، امہ تعمیر نو، حاجی خیر اللہ حاجی ستار منی ایکسچینج، راحت لمیٹڈ، روشن منی ایکسچینج، الاختر ٹرسٹ، الراشد ٹرسٹ، حقانی نیٹ ورک اور جماعت الدعوۃ شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول