وہ درد ناک واقعہ جس کے بعد بل گیٹس نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی
نیویارک (نیوز ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو قدرت نے اتنی دولت سے نوازا کہ دنیا کے کئی ممالک اپنی مجموعی دولت کے ساتھ بھی ان کے برابر نہیں آسکتے۔ خوبصورت بات یہ ہے کہ اس انتہائی دولتمند شخص نے اپنے اربوں ڈالر دنیا کے غریب ترین ممالک کے غریب ترین لوگوں کی صحت اور تعلیم کیلئے وقف کردئیے ہیں، مگر وہ کون سا لمحہ تھا جس نے بل گیٹس کو اپنی دولت غرباءکیلئے وقت کرنے پر مجبور کردیا؟
چھٹیاں گزارنے کے لیے سستے ترین بین الاقوامی مقامات
صحافی چارلی روز کو دئیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں گیٹس کی اہلیہ میلینڈا نے بتایا کہ ان کے خاوند ایک افریقی ہسپتال میں ٹی بی کے مریضوں کی عیادت کیلئے گئے تھے۔ انہوں نے ہسپتال سے ہی اپنی اہلیہ کو کال کی لیکن جب انہوں نے بات کرنے کی کوشش کی تو شدت جذبات سے ان کے گلے سے آواز نہ نکل رہی تھی۔ میلینڈا کہتی ہیں کہ گیٹس مریضوں کی بدحالی اور دردناک صورتحال دیکھ کر اس قدر رنجیدہ تھے کہ لگتا تھا کہ وہ ابھی رو دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بیچارے مریض اس حال میں ہیں کہ گویا انہیں موت کی سزا سنا دی گئی ہو۔ اُس دن کے بعد بل گیٹس نے فیصلہ کرلیا کہ وہ دنیا میں مفت ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر فراہم کرنے سے زیادہ توجہ غریب لوگوں کی صحت اور تعلیم پر دیں گے تاکہ وہ پسماندگی کے جہنم سے ہمیشہ کیلئے نکل جائیں۔ افریقہ کے بعد انھیں اس بات کا ادراک بھی ہوا کہ وہ دنیا بھر کو کمپیوٹر کے استعمال پر لگانا چاہتے ہیں لیکن بیشتر علاقوں میں تو کمپیوٹر چلانے کے لئے بجلی بھی نہیں ، لہذا ضروری ہے کہ غریب افراد کا طرز زندگی بہتر بنانے کے لئے اپنا وقت اور دولت وقف کی جائے. آج ”بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن“ دنیا کے پسماندہ ترین علاقوں پر سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرکے غریب ترین لوگوں کو ادویات، علاج اور تعلیم کا تحفہ دے رہی ہے۔