باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ ملکی سالمیت پہ حملہ ہے،اشرف جلالی
لاہور( نمائندہ خصوصی )تحریک صراط مستقیم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ ملکی سالمیت پہ حملہ ہے۔حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے تعاون کرنے والی حکومتی اداروں میں چھپی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرے۔ عالمی دہشت گرد پاکستان کو کھوکھلا کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جمعۃ المبارک کے اجتماع میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔
کہ حکومت ملک میں غیر ملکی ایجنٹوں پر کام کرنے والی طاقتوں کو لگام دے۔ اس وقت محب وطن لوگوں کو پاکستان بچانے کیلئے جاندار کردار ادا کرنا ہوگا۔وہ لوگ جو دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں وہ نظریہ پاکستان اور آئین پاکستان سے کبھی وفا نہیں کرسکتے۔ چنانچہ ملکی استحکا م کیلئے دشمن اور دوست کے درمیان امتیاز قائم کرنے کیلئے نظریہ پاکستان اور آئین پاکستان کو بطور معیار سامنے رکھاجائے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے حملوں نے عالمی سطح پر اسلام اور پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔حکومت سنجید گی سے اس طرف توجہ کرے اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نبٹے ۔