غازی آباد،کرایہ وقت پرنہ دینے پر مالک مکان نے سامان باہرنکال دیا

غازی آباد،کرایہ وقت پرنہ دینے پر مالک مکان نے سامان باہرنکال دیا

لاہور(وقائع نگار) غازی آباد میں کرایہ وقت پر ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے کرایہ دار کا سامان گھر سے باہرپھینک دیا ،متاثرہ شخص انصاف کی فراہمی کے لیے تھانہ پہنچ گیا ۔متاثرہ شخص محمد علی بخش نے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ غازی آباد بازار میں رہتا ہے جبکہ وہ گوجرانوالہ سے یہاں آئے ہیں اور یہاں پر محمدمنظور نامی شخص سے انہوں نے کرایہ پر مکان لے رکھا ہے جس کا کرایہ 14ہزار ماہوار ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مکان کا کرایہ ادا کرنے کی آخری تاریخ 15 ہوتی ہے اس ماہ وہ وقت پر کرایہ ادا نہ کرسکا جس پر مالک مکان منظور نے پہلے تو دو تین بار گھر آ کر اس سے تلخ کلامی کی بعد ازاں گزشتہ روز وہ اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ آیا جو کہ مسلح تھے اور انہوں نے ان کا سامان گھر سے باہر نکالنا شرو ع کر دیا ۔اس نے بتایا کہ گھر میں اس وقت صرف خواتین تھیں جس پر ملزمان نے یہ کارروائی کی ہے ۔بعد ازاں محلہ داروں کی مداخلت پر منظور اپنے ساتھیوں کے ساتھ دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا ۔متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تھانہ میں اس نے درخواست جمع کروا دی ہے ۔پولیس حکام سے اپیل ہے کہ اس کی مدد کی جائے ۔اس حوالے سے منظور سے رابطہ کیا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے وہ کرایہ مانگنے اپنے دوستوں کے ساتھ آیا تھا جہاں پر اس کی محمد علی سے تلخ کلامی ہوئی تھی کیونکہ یہ ہر ماہ کرایہ دیر سے دیتا ہے اور اس نے یہ اپنا وتیرہ بنا لیا ہے بعد ازاں محلہ داروں نے ان کی بات چیت کروا کے انہیں کرایہ کی تاریخ 26جنوری مقرر کوائی ہے ۔

مزید : علاقائی