افغان حکومت اور طالبان کے درمیان آج قطر میں مذاکرات

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان آج قطر میں مذاکرات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تجزیہ : آفتاب احمد خان

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان آج قطر میں شروع ہونے والے دو روزہ مذاکرات اگرچہ غیر سرکاری سطح پر ہو رہے ہیں مگر ان حالات میں فریقین کا ایک میز پر بیٹھنا بھی غنیمت ہے۔ افغانستان کی صورتحال بہت پیچیدہ ہے جس کے پیش نظر اس نشست سے کسی بڑی پیشرفت کی توقع تو نہیں کی جا رہی تاہم اس سے آئندہ کے لئے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور مسئلے کے حل کی کوششیں آگے بڑھائی جاسکتی ہیں۔
یہ غیر سرکاری مذاکرات جس غیر سرکاری تنظیم پگواش کے زیر اہتمام ہو رہے ہیں اس کا نصب العین مسلح تصادموں والے معاملات کا پرامن حل نکالنا ہے اور وہ اپنی قابل قدر کارکردگی کی بناء پر نوبل انعام بھی حاصل کرچکی ہے۔ آج کی ملاقات میں افغان حکومت اور طالبان کے علاوہ افغان سول سوسائٹی تنظیموں، قیام امن کے لئے کام کرنے والوں اور غیر ملکی مبصرین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ یہ تمام نمائندے اپنے متعلقہ اداروں یا حکام کی طرف سے سرکاری اور باضابطہ طور پر شرکت کی بجائے اپنی ذاتی حیثیت میں شریک ہو رہے ہیں۔ اگرچہ اس سے مذاکرات کی اہمیت میں کمی آتی ہے، تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ یہ ملاقات کامیاب رہی تو اگلے مرحلے پر متعلقین باضابطہ مذاکرات کریں گے۔
یہ غیر سرکاری ملاقات ٹریک ٹو پالیسی کے تحت پہلی مرتبہ ہو رہی ہے، طالبان نے ملاقات میں شرکت کی حمایت کی ہے، قطر میں ان کے سیاسی دفتر میں تعینات نمائندے ان مذاکرات میں حصہ لیں گے، تاہم وہ نہیں چاہتے کہ انہیں باقاعدہ مذاکرات کہا جائے۔ دوسری طرف چار ممالک امریکہ، چین، پاکستان اور افغانستان مل کر افغان مسئلے کے حل کی کوششیں آگے بڑھا رہے ہیں، ان کے دو اجلاس اسلام آباد اور کابل میں ہوچکے ہیں جبکہ تیسری نشست چھ فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔ اس اجلاس کے بعد ہوسکتا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے باضابطہ مذاکرات ہوں۔
طالبان نے ابھی تک افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور میں شرکت کا اعلان نہیں کیا، اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ حالیہ ہفتوں میں انہیں مسلح جدوجہد میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور انہوں نے مزید کچھ علاقے افغان انتظامیہ سے چھین لیے ہیں۔ اس سے ان کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے جس سے وہ مذاکرات کی میز پر بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

مزید :

تجزیہ -