شدید دھند، سیالکوٹ ائیرپورٹ سے جدہ ، دبئی، دمام جانیوالی پی آئی اے کی فلائٹس مسلسل ملتوی

شدید دھند، سیالکوٹ ائیرپورٹ سے جدہ ، دبئی، دمام جانیوالی پی آئی اے کی فلائٹس ...

لاہور( ارشد محمود گھمن )شدید دھند کی وجہ سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جدہ،دبئی، دمام جانے والی پی آئی اے کی فلائٹس مسلسل ملتوی،پی آئی اے ضلعی آفس کے عملہ کی من مانیوں سے مسافرشدید اضطراب میں مبتلا ہو کر رہ گئے۔دوبارہ ٹکٹ کنفرم کروانے کے لئے عملہ نے ٹریول ایجنٹوں سے مک مکا کر لیا پی آئی اے عملہ کی مسافروں کے ساتھ بد تمیزیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ روزانہ ہزاروں کمانے لگے سینکڑوں مسافروں کا شدید احتجاج کئی مسافروں نے پی آئی اے آفس میں ٹکٹیں جلادیں ۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر گزشتہ کئی روز سے شدید دھند کے باعث پی آئی اے کی جدہ،دبئی ،دمام،قطر جانے والی درجنوں فلائٹیں تاخیر کا شکار کرنے کے بعد بعد ازاں ملتوی کردی گئیں جس کی وجہ سے مسافر ذلیل و خوار ہو کررہ گئے ہیں اور بہت سے مسافروں نے پی آئی اے کی انتظامیہ کے سامنے احتجاجا اپنی ٹکٹیں بھی جلادی ہیں مسافروں جن میں حسنین، چاند، اصغر علی وغیر ہ شامل ہیں نے بتایا کہ دھند کی وجہ سے ان کی دمام جانیو الی فلائٹ بغیر اطلاع کے تاخیر کا شکار کردی گئی اور کئی گھنٹے سردی کی وجہ سے ان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا بعد ازاں دوبارہ ٹکٹ کنفرم کروانے کے لئے پی آئی اے کے ضلعی آفس میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنی من پسند تاریخوں پر فلائٹ کنفرم کردی ۔اعتراض کرنے پر عملہ نے کہا کہ ٹریول ایجنٹوں سے رابطہ کرو تو آپ کی فلائٹ دوسرے دن ہی کنفرم کردی جائے گی وگرنہ ہماری مرضی کے مطابق شیڈول کنفرم کیا جائے گا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ جو مسافر ٹریول ایجنٹوں کی خدمات حاصل کرکے آتے تھے وہ اپنی من پسند دن کی ٹکٹ کنفرم کروالیتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹکٹ کنفرم 26جنوری کی گئی ہے جس کیو جہ سے ان کا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے جو پی آئی اے محکمہ کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کرنے کا اختیار رکھتے ہیں ۔انہوں نے اعلی حکام سے فوری طور پر پی آئی اے عملہ کے خلاف مسافروں کو زلیل و خوار کرنے پر کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر