کیٹی بندر بجلی منصوبے کی بحالی، سندھ نے چین سے مدد مانگ لی

کیٹی بندر بجلی منصوبے کی بحالی، سندھ نے چین سے مدد مانگ لی
کیٹی بندر بجلی منصوبے کی بحالی، سندھ نے چین سے مدد مانگ لی

  


کراچی(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے کیٹی بند رمیں بجلی منصوبے کی بحالی کیلئے چین سے مدد مانگ لی ہے، چین نے اس منصوبے کو شاندار اور پرکشش قرار دیتے ہوئے اس سے متعلق تفصیلات طلب کر لی ہیں، منصوبے کے تحت کیٹی بندر میں کوئلے سے چلنے والا 10 میگاواٹ پاور بجلی گھر قائم کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں یہ منصوبہ بنایا تھا تاہم بینظیر حکومت ختم ہونے کے بعد اس پر کام شروع کیا جاسکا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ اس کا خواب شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دیکھا تھا اور میری حکومت اس خواب کی حقیقی تعبیر کیلئے کوشاں ہے۔ یہ بات انھوں نے جمعہ کو چین کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد سے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ملاقات کے موقع پر کہی جس کی سربراہی نامور سفارتکار شازیو کا نگ صدر چین پاکستان ایسوسی ایشن کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیٹی بندر قدرتی بندرگاہ اور تھرکول فیلڈ کے قریب ہے ، ہم تھرکول سے کیٹی بند رتک ریلوے لائن بچھانے کیلئے بھی تیار ہیں تاکہ کوئلے کی نقل و حمل میں آسانی ہو سکے۔ چین کے کراچی میں متعین قونصل جنرل نے کہا کہ یہ ایک شاندار اور پرکشش منصوبہ ہے اور چین کے سرمایہ کار اس میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ انھوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ کیٹی بندر پروجیکٹ کی تفصیلات ان کے ذریعے چین حکومت کو بھیجیں تاکہ اس پر مزید بات چیت ہو سکے ۔

مزید : کراچی