ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی عالمی کانفرنس 14 مارچ کو ہو گی

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی عالمی کانفرنس 14 مارچ کو ہو گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس 14 مارچ کو منعقد ہو گی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس لاہور میں منعقد ہو گی جس سے ایل پی جی کے شعبہ کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے حوالہ سے مدد ملے گی۔ ایل پی جی درآمد کنندگان، مارکیٹنگ کمپنیاں، ڈسٹری بیوٹرز، سلنڈرز کے تیار کنندگان اور ریگولیٹرز سمیت متعلقہ محکموں کے حکام ایک روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایسوسی ایشن حکومت کی ایل پی جی ریگولیشن پالیسی کی حمایت کرے گی تاہم اس پالیسی میں ایل پی جی کی درآمد کو سہولت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 12 ماہ کے دوران 1.2 ملین ٹن ایل پی جی فروخت ہوئی جس سے حکومت کو 42 ارب روپے کے محصولات حاصل ہوئے، اس سال یہ محصولات بڑھ کر 100 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس 5 لاکھ 32 ہزار ٹن ایل پی جی درآمد کی گئی اور ایسوسی ایشن کا 10 لاکھ ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کا منصوبہ ہے اور توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایل پی جی پالیسی کی جلد تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید :

کامرس -