مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا

کراچی (این این آئی)حکومت کی جانب سے برآمد کنندگان کو 180 ارب روپے کے مراعاتی پیکیج کے اجرا بین الاقوامی کپاس مارکیٹوں میں کپاس کے بھاؤ میں استحکام مقامی طور پر روئی کی پیداوار میں اولین تخمینہ سے 33 لاکھ گانٹھوں کی نمایاں کمی کے باعث روئی کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان رہا۔مراعاتی پیکیج کی وجہ سے ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز نے کاٹن یارن کے بھاؤ بڑھادیئے تاہم ٹیکسٹائل مصنوعات کی مانگ میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے سبب کاروباری حجم کم رہا جسکی وجہ مارکیٹوں میں مالی بحران ہے ٗ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق کپاس کے کچھ برآمد کنندگان معاہدوں سے منحرف ہونے کی خبروں کی وجہ سے ٹیکسٹائل اسپنرز اضطراب کا شکار ہیں۔بھارت میں روئی کا بھاؤ بڑھنے کے سبب ٹیکسٹائل ملز امریکا اور افریقا سے روئی کے درآمدی معاہدے کر رہے ہیں ٗ دریں اثنااپٹما کے اصرار پر ٹیرف کمیشن نے بھارت سے درآمد ہونے والے 55.5 کاؤنٹ سے اوپر کے فائن کاٹن یارن پر 4 مہینہ کیلئے درآمدی ڈیوٹی عائد کردی ہے جس سے مقامی ٹیکسٹائل اسپنرز کو فائدہ ہونے کی توقع ہے۔

مزید : کامرس