پروڈیوسرمحمد شفیق اپنے نام کی طرح ہنس مکھ اور ملنسار تھے ،شوبز شخصیات

پروڈیوسرمحمد شفیق اپنے نام کی طرح ہنس مکھ اور ملنسار تھے ،شوبز شخصیات
 پروڈیوسرمحمد شفیق اپنے نام کی طرح ہنس مکھ اور ملنسار تھے ،شوبز شخصیات

  

لاہور(فلم رپورٹر)پی ٹی وی کراچی مرکز کے سینئر پروڈیوسر محمد شفیق کی ناگہانی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شوبز سے وابستہ شخصیات نے کہاکہ محمد شفیق کی ناگہانی موت نے سب کو افسردہ کردیاہے۔سٹار میکر جرار رضوی نے کہاکہ محمد شفیق اپنے نام کی طرح ہنس مکھ اور ملنسار تھا اس کی ناگہانی موت نے دل کو افسردہ کردیاہے۔غلام محی الدین نے کہا کہ میں نے لاہور مرکز سے ان کی آخری ڈرامہ سیریل ’’لمحوں کی بھول ‘‘ میں کام کیا تھا انہوں نے ڈائریکٹر بن کر نہیں بلکہ بھائی بن کر ہم سے کام لیا تھا ۔پروڈیوسرشوکت چنگیزی نے کہاکہ ہم محمد شفیق کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے ان کی اس ناگہانی موت سے ہم ایک اچھے دوست سے محروم ہوگئے ہیں۔اداکارہ ماہ نورنے کہاکہ مجھے ابھی تک یقین نہیں آرہاکہ شفیق اب ہم میں نہیں رہا اس کی وفات کا کسی کو بھی یقین نہیں آرہا۔میگھانے کہاکہ محمد شفیق ہر ایک کی دلجوئی کرنے والا شخص تھا اللہ اسے کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔سینئر اداکار اور ڈائریکٹر سہراب افگن نے کہاکہ مرحوم ایک با اخلاق اور پروفیشنل پروڈیوسر تھے۔

اس کی وفات سے ایک بہت بڑاخلا پیداہوگیاہے جو بمشکل پرہوگا۔محمد حیات سیف نے کہاکہ شفیق میرے بھائیوں کی طرح تھا اس کی موت نے مجھے شدید صدمہ پہنچایا ہے ہم سب اس کی محبت اور خدمات کو بھلا نہیں پائیں گے۔ڈائریکٹر شاہد عزیزنے کہاکہ محمد شفیق میرا بڑا بھائی تھا بہت سارے پراجیکٹس میں میرا اس کا ساتھ رہاہے جب اس کی موت کی خبر آئی تو یقین نہیں ہوا اور نہ کبھی ہوگا ایسا لگتا ہے کہ ابھی وہ ایک کال کرے گا اور کہے گا ڈر گئے نہ اللہ اسکی مغفرت کرے اور اسے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے۔ثناء نے کہاکہ مجھے بھی اس کی وفات کا یقین نہیںآرہا میں رونا بھولی ہوئی ہوں روپڑی تو سنبھالی نہیں جاؤں گی ۔رائٹر سورج بابانے کہاکہ محمد شفیق کی گرانقدر خدمات ہیں جو بھائی نہیں جاسکتیں ان کی وفات شوبزکے لیئے بہت بڑا نقصان ہے جس کا ازالہ کبھی بھی نہیں ہو پائے گا۔

مزید : کلچر