سینئرپروڈیوسر محمد شفیق کی مغفرت کے لئے پی ٹی وی لاہور کی مسجد میں دعا

سینئرپروڈیوسر محمد شفیق کی مغفرت کے لئے پی ٹی وی لاہور کی مسجد میں دعا
 سینئرپروڈیوسر محمد شفیق کی مغفرت کے لئے پی ٹی وی لاہور کی مسجد میں دعا

  

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن کے ہر دلعزیز اور مایہ ناز پروڈیوسر محمد شفیق 57 سال کی عمر میں رضائے الٰہی سے وفات پاگئے ہیں ۔مرحوم نے 1993میں پی ٹی وی لاہور سینٹر سے بطور اسسٹنٹ پروڈیوسر اپنی خدمات کا آغاز کیااور 2015 میں ان کا تبادلہ پی ٹی وی کراچی سینٹر میں ہو گیا۔لاہور کی طرح کراچی میں بھی انہوں نے اپنی پروڈکشن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔’’لمحوں کی بھول‘‘، ’’دیس میں نکلا ہوگا چاند‘‘(عید سپیشل) ،’’خراجِ تحسین‘‘(پری پیکر)،’’ماں میرا مقام تجھ سے ہے‘‘ ،’’کامیڈی دنگل‘‘،’’سکھ سپیشل‘‘، ’’جنہیں راستے میں خبر ہوئی‘‘،’’ عید چارٹ‘‘،’’چلوپھرسے مسکرائیں‘‘ ،’’جگ بیتی‘‘، ’’روشن راہیں‘‘ ،’’سنڈے سٹائل‘‘،’’ میں کس کو بیوی کہوں ‘‘، محرم الحرام کا خصوصی پروگرام’’آوازِ کربلا‘‘،’’شہر کی واپسی‘‘ اور ’’سائبان‘‘ کا شمار ان کی اہم پروڈکشن میں ہوتا ہے۔چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی،ایم ڈی پی ٹی وی صبامحسن،ڈائریکٹر پروگرام آغا ذوالفقاراحمد خان،جنرل منیجر لاہور سینٹر بشارت خان ،پروگرام منیجرچوہدری افتخار ورک،پی ٹی وی یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان ، لاہور سینٹر کے پروگرام پروڈیوسرز اور دیگر ملازمین نے ان کی وفات پر گہرے رنج وغم اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

پاکستان ٹیلی ویژن لاہور کی مسجد میں مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے دعائے خیر کی گئی۔یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے ایم ڈی پی ٹی وی اور چیئرمین پی ٹی وی سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم کی خدمات کے پیشِ نظر ان کے کسی بیٹے یا بیٹی کو فوری طور پر پی ٹی وی میں ملازمت دی جائے ۔لاہور سینٹر کے جی ایم آفس میں بھی محمد شفیق کیلئے دعائے مغفرت کروائی گئی جس میں جنرل منیجر بشارت خان،یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان،پروڈیوسر آغا قیصر عباس،پروڈیوسریعقوب چوہدری،ڈرامہ رائیٹر آصف حنیف مہر اور فری خان نے شرکت کی ۔

مزید : کلچر