وزیراعلیٰ کی تعلیمی پالیسیوں سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا ہے ،رانا مشہود

وزیراعلیٰ کی تعلیمی پالیسیوں سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا ہے ...

لاہور(خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی تعلیمی پالیسیوں سے بین الاصوبائی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا ہے جس سے دیگر وفاقی اکائیوں کو یہ پیغام ملا ہے کہ پنجاب کے عوام اور حکومت پورے ملک کی بھلائی چاہتے ہیں۔اس طرح قومی یکجہتی کے جذبات پروان چڑھے ہیں اورفیڈریشن مضبوط ہوئی ہے۔یہ بات صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے بلوچستان، فاٹا اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کے22رکنی وفد سے پنجاب یونیورسٹی میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم صوبہ بلوچستا ن کے طلبا و طالبات بھی موجود تھے۔ تقریب کا اہتمام ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم کی جانب سے کیا گیا تھا۔ طالبعلموں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بلوچستان کے طالب علموں کومفت تعلیم کی سہولت مہیا کر کہ انہیں یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ تعلیم کو ترقی کا زینہ بنائیں۔یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ حکومت پنجاب نے دیگر صوبوں کے طالبعلموں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ انڈوومنٹ فنڈسے سکالرشپس بھی مہیا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ہر فرد دوسرے صوبوں میں بسنے والے لوگوں سے یکساں پیار کرتا ہے اور ہم دیگر وفاقی اکائیوں کی بھلائی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر نے طالبعلموں کو تاکید کی کہ چینی زبان سمیت دیگر غیر ملکی زبانیں بھی سیکھیں تا کہ جنوبی ایشیا ء کے ابھرتے معاشی امکانات سے مستفید ہو سکیں۔ اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے نوجوانوں کو غیر ملکی زبانیں سکھانے کا منصوبہ لانچ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل حصول تعلیم کے بعد پاکستان کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے۔کیونکہ یہ ملک ہماری پہچان ہے جس نے ہمیں فخر سے سر اٹھا کر چلنا سکھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کی بدولت صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا نیا سفر شروع ہوچکا ہے۔ اب لوگوں کی آنکھوں میں امید کے دیئے روشن ہیں۔ انہیں پتا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ صوبائی وزیر رضا گیلانی نے کہا کہ طالبعلموں کے وفود کے تبادلوں سے عوام کے درمیان محبتوں کے جذبات کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں تعلیم و صحت کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اب بلوچستان کے عوام کو عالمی معیار کی اعلی تعلیم ملے گی اور گوادر پاکستان کا بہترین شہر ہوگا ۔ اس موقع پر طالب علموں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی عوام انتہائی مہمان نواز ، پر خلوص اور مخلص ہیں اورحصول تعلیم کے لئے صوبہ پنجاب کا تعاون انہیں ہمیشہ یاد رہے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1