اتوار بازاروں میں خواتین دکانداروں کیلئے جگہ مختص کردی گئی ہے ، حمید وحید

اتوار بازاروں میں خواتین دکانداروں کیلئے جگہ مختص کردی گئی ہے ، حمید وحید

لاہور(خبرنگار) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہاہے کہ صوبہ بھر کے اتوار بازاروں میں خواتین دکانداروں کے لئے جگہ مخصوص کردی گئی ہے تاکہ وہ خود روزگار کما سکیں ۔وہ گزشتہ روز اتوار بازار ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام ، وویمن چیمبر آف کامرس اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تعاون سے خواتین دوکانداروں کے سٹالز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں ۔ اس موقع پر وویمن چیمبرز کی صدر شازیہ ، ڈاکٹر شہلہ جاوید اکرم ، ڈائریکٹر طاہر علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وویمن پیکج کے تحت تمام اتوار ، سستے اور رمضان بازاروں میں خواتین دوکانداروں کے لئے سٹالز مختص کرنے کا مقصد خواتین کے لئے معاشی خوداختیاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے وژن کے مطابق خواتین کی ترقی کے لئے متعدد عملی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ حکومت کی خود روزگار سکیم کے تحت خواتین کوبلا سود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے خواتین کے سٹالز کا دورہ کیا اور خواتین دوکانداروں سے سٹالز کے متعلق دریافت کیا ۔ خواتین دوکانداروں نے معاشی ترقی کے لئے حکومت کے اس اقدام کو بے حد سراہا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1